وفاق کے رویہ سے شہر قائد کے عوام میں احساس محرومی بڑھتا جا رہاہے،شمشاد خان غوری،

شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے حکومت ٹھوس اقدام کرے، شہر ی اداروں میں ہونیوالی کرپشن پر قابو پایا جائے

بدھ 21 جنوری 2015 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے وائس چیئرمین شمشادخان غوری نے کہاکہ کراچی میں قیام امن کا مسئلہ ہو یا دہشت گردوں کیخلاف فیصلہ کن کاروائی ہر موقع پر وفاقی حکومت نے کراچی کے شہریوں کو صرف سہانے خواب دیکھائیں ہیں اس بات کا علم ہوتے ہوئے کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے دہشت گردی نے کراچی کو سب زیادہ متاثر کیا شہر میں پانی ،بجلی اور گیس کی بندش کا مسئلہ روانہ کا معمول بن چکا ہے اس کے باوجود مرکزی حکومت کی تمام تر توجہ پنجاب پر مرکوز ہے ۔

چیئرمین آفاق احمد کی رہائشگاہ پر سیوک سینٹر سے آئے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کراچی کے عوام کئی مسائل سے دوچار ہیں جس کے مستقل حل کیلئے حکومت کی جانب سے وعدے تو کئی کیے گئے مگر جب ان وعدوں کو پورا کرنے کا وقت آیا توحکمراں مسلسل کراچی کو نظر انداز کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وفاق کے اسی رویے کے پیش نظر شہر قائد کے عوام میں احساس محرومی بڑھتا جارہاہے جس کو ختم کرناوفاقی حکومت کی اہم زمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

شمشاد خان غوری نے کہاکہ سندھ کے شہری اداروں کی من مانیوں سے صوبائی اور وفاقی دونوں حکومتیں بخوبی واقف ہیں جن اداروں کی ذمہ داری مسائل کا خاتمہ کرنا تھا انہی اداروں نے مسائل و پریشانیوں کو عوام کی دہلیز پرپہنچا دیا ہے اور اب ہر مسئلہ ایک بحران کی شکل اختیار کرچکاہے جن میں پہلے پانی ، پھر گیس، پیٹرول اور اب اگلے کچھ دنوں میں بجلی کے سنگین بحران کی بازگشت بھی سنی جارہی ہے،لہذہ حکومت سنجیدگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہریوں کے مسائل کے حل کیلئے ٹھوس اور مثبت اقدام کیساتھ ساتھ شہری اداروں میں ہونیوالی کرپشن پر بھی قابو پائے۔

شمشاد خان غوری نے مزید کہاکہ سندھ کے شہری اور حکومتی اداروں میں سدھار کے لیے وفاق خصوصی کمیٹی تشکیل دے جو صوبائی حکومت سے بجلی ،پانی اور گیس کے محکموں کی ناقص کارکردگی کا جواب طلب کرے تب ہی عوام کو مسائل سے مستقل نجات دلائی جاسکتی ہے ۔

متعلقہ عنوان :