اسٹیٹ بینک 20 روپے کا یادگاری سکّہ جاری کرے گا

بدھ 21 جنوری 2015 23:12

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) بینک دولت پاکستان ”پاک چین دوستی کا سال 2015ء“ منانے کے لئے 20 روپے کا یادگاری سکّہ 31 جنوری 2015ء سے جاری کرے گا۔ مرکزی بینک سے بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے 8 جنوری 2015ء کو نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔ سکّے کا وزن 10 گرام ہے، اس میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل ہے۔

گول شکل اور 27.5 ملی میٹر قطر کے اس سکّے کے کنارے دندانے دار ہیں۔ سکّے کے سامنے کے رخ پر وسط میں ہلال شکل کا بڑھتا ہوا چاند اور ابھرتا ہوا پانچ کونوں والا ستارہ جس کا رُخ شمال مغرب کی طرف ہے، بنے ہوئے ہیں۔ ستارہ و ہلال کے بالائی طرف اردو میں ”اسلامی جمہوریہ پاکستان“ کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے سے، جہاں سال اجرا 2015ء رقم ہے، گندم کے دو خوشے نکل کر اوپر کی طرف جاتے ہیں اور دائیں بائیں پہلوؤں پر نیم دائرہ بناتے ہیں۔

(جاری ہے)

ستارہ و ہلال کے دائیں طرف سکّے کی مالیت اعداد میں ”20“ اور بائیں طرف ”روپیہ“ کندہ ہے۔ سکّے کی پشت پر وسط میں اسلامی جمہوریہ پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کے قومی پرچم بنے ہوئے ہیں۔ پاکستانی پرچم سکّے کے دائیں طرف اور چین کا پرچم سکّے کے بائیں طرف ہے۔ ان دونوں پرچموں سے اوپر، سکّے کے بالائی کنارے کے ساتھ ساتھ "YEAR OF FRIENDLY EXCHANGE 2015" کے الفاظ کندہ ہیں۔