کراچی میں موسم مہربان ہو ہی گیا۔ بادل رات اور صبح سویرے خوب برسے اور شہر قائد کا موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا

بدھ 21 جنوری 2015 23:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء) کراچی میں موسم مہربان ہو ہی گیا۔ بادل رات اور صبح سویرے خوب برسے اور شہر قائد کا موسم مزید ٹھنڈا ہوگیا۔ سڑکیں گیلی ہونے سے موٹرسائیکل سواروں کی شامت آگئی لیکن کام کاج کے لیے گھروں سے نکلنے والے خوشگوار موسم سے بہت خوش ہیں۔ حلوہ پوری کھانے والے کہتے ہیں موسم نے ناشتے کا مزا دوبالا کر دیا۔

موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں آج(جمعرات) بھی بادل چھائے رہیں گے۔

(جاری ہے)

ذرا سی بارش نے ہی کراچی والوں کو خوش کر دیا، تاہم اس سے ٹھنڈ بھی مزید بڑھ گئی اور لوگوں کے موڈ بھی زیادہ خوشگوار ہوگئے۔ صبح سویرے خوب بندوبست کرکے گھروں سے نکلنے والے کہتے ہیں کہ سردی کا مزا تو اب آیا۔ بھیگے بھیگے موسم نے حلوہ پوری کی دکانوں کی رونق بڑھا دی۔ کوئی دکان پر مزے سے پوریاں کھا رہا ہے تو کوئی پارسل کر رہا ہے۔ کہنا یہ ہے کہ زیادہ سردی میں گرماگرم ناشتا زیادہ مزیدار لگتا ہے۔رات گئے مختلف علاقوں میں موسلا دھاربارش بھی ہوئی۔ شارع فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ، میٹروول، صدر اور دیگر علاقوں کی سڑکوں پر جل تھل ہوگیا۔

متعلقہ عنوان :