Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان سندھ اسمبلی کے استعفیٰ منظور کر لئے گئے،

ارکان اسمبلی کے استعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن کو نشستیں خالی ہونے سے آگاہ کردیا ہے ،سپیکر سندھ اسمبلی

بدھ 21 جنوری 2015 19:31

پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان سندھ اسمبلی کے استعفیٰ منظور کر لئے ..

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21جنوری2015ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چار ارکان سندھ اسمبلی کے استعفیٰ منظور کر لیے گئے ہیں ۔ اس بات کا اعلان بدھ کو اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے سندھ اسمبلی کے اجلاس کے دوران کیا ۔ آغا سراج درانی نے کہا کہ میں نے تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی کے استعفیٰ منظور کر کے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو آگاہ کر دیا ہے کہ ان کی نشستیں خالی ہیں ۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے تین ارکان سندھ اسمبلی سید حفیظ الدین ، خرم شیر زمان اور ثمر علی خان کراچی سے سندھ اسمبلی کی نشستوں پی ایس ۔ 93 ، پی ایس ۔ 112 اور پی ایس ۔ 113 سے منتخب ہوئے تھے جبکہ ایک خاتون رکن ڈاکٹر سیما ضیاء خواتین کے لیے مخصوص نشست پر منتخب ہوئی تھیں ۔ ان چاروں ارکان کے استعفیٰ منظور ہونے سے سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کو پہلی دفعہ ملنے والی نمائندگی ختم ہو گئی ہے ۔

(جاری ہے)

ان ارکان نے پاکستان تحریک انصاف کے احتجاجی دھرنوں کے دوران پارٹی قیادت کی ہدایت پر استعفیٰ جمع کرائے تھے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی و سینیٹ اور ارکان پنجاب اسمبلی نے بھی ارکان سندھ اسمبلی کی طرح ایک ساتھ اپنے استعفیٰ جمع کرائے تھے ۔ سندھ اسمبلی کے سوا کہیں بھی استعفیٰ منظور نہیں ہوئے ۔ اسپیکر سندھ اسمبلی کی طرف سے استعفوں کی منظوری کا اعلان بالکل غیر متوقع تھا ۔

باور کیا جاتا ہے کہ مارچ میں ہونے والے سینیٹ کے انتخابات کی وجہ سے یہ استعفیٰ منظور کیے گئے ہیں ۔ اس ضمن میں تحریک انصاف کے مستعفیٰ رکن سید حفیظ الدین سے جب رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ ہم نے استعفیٰ دیے تھے اور اسپیکر نے منظور کر لیے ۔ ہم ایسی اسمبلیوں کو نہیں مانتے ہیں ، جو عوام کی خدمت نہیں کرتی ہیں ۔ ہم لوگوں کے پاس جا کر اپنا موقف بیان کرتے رہیں گے اور اسمبلیوں سے باہر عوام کی خدمت کرتے رہیں گے ۔ ان سے پوچھا گیا کہ کیا آپ ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے تو انہوں نے کہا کہ اس کا فیصلہ پارٹی قیادت کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات