دہشت گردی کے خلاف جنگ علمائے کرام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی،وزیراعلیٰ پنجاب،

مدارس کے خلاف کریک ڈاوٴن کا کوئی ارادہ نہیں،قومی وحدت پیدا کرنے کے لیے مذہبی اور سنجیدہ حلقے میدان میں آئیں،شہبازشریف کامولاناحنیف جالندھری سے ٹیلی فون پررابطہ،پنجاب حکومت کی طرف مکمل تعاون کی یقین دہانی

منگل 20 جنوری 2015 23:34

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ علمائے کرام کے تعاون کے بغیر نہیں جیتی جاسکتی۔ مدارس کے خلاف کریک ڈاوٴن کا کوئی ارادہ نہیں‘ منع کرنے کے باوجود چھاپوں اور توہین آمیز سلوک کا سختی سے نوٹس لیا جائے گا ‘ قومی وحدت پیدا کرنے کے لیے مذہبی اور سنجیدہ حلقے میدان میں آئیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف جالندھری سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا اور دہشت گردی کے خلاف توانا آواز بلند کی‘ اس وقت جبکہ ہماری مسلح افواج دہشت گردوں کے خلاف آپریشن ضرب غصب میں مصروف ہیں ہمیں قومی وحدت کی اشد ضرورت ہے اور یہ کام منبر ومحراب کے ذریعے علمائے کرام ہی کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے ملک میں امن وامان کے حوالے سے علماء کے کردار کی تعریف کی اس موقع پر مولانا محمد حنیف جالندھری نے کہا کہ ملکی استحکام اور سالمیت کے لیے حکومت سے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کو یقین دہانی کروائی کہ علمائے کرام ملک میں قیام امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے ۔ مولانا محمد حنیف جالندھری نے کوائف طلبی کے نام پر اہل مدارس کو ہراساں کرنے مدارس پر چھاپوں اور ارباب مدارس سے ہتک آمیز سلوک کرنے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا جس پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے مدارس پر چھاپے بند کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ۔ مگر اس کے باوجود اگر کہیں اس طرح کا واقعہ پیش آیا تو اس کا سختی سے نوٹس لیا جائیگا ۔

متعلقہ عنوان :