کراچی میں فیکٹری سپروائزر کو قتل کرنے والے نوجوان کی شناخت ہوگئی ،ماں نے قاتل بیٹے کو پہچان لیا

منگل 20 جنوری 2015 23:24

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) میڈیا میں سی سی ٹی وی فوٹیج نشر ہونے کے بعد پولیس نے ملزم کی والدہ سے رابطہ کیا تو اس کی والدہ نے شناخت کرتے ہوئے بیان دیا کہ فیکٹری میں ٹارگٹ کلنگ کرنے والا میرا بیٹا ہے۔ نجی ٹی وی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ملزم کی والدہ نے کہا کہ میں نے ٹی وی پر فوٹیج دیکھ کر اپنے بیٹے کو پہچان لیا ہے. فوٹیج میں فیکٹری سپروائزر کو قتل کرنے والا لڑکا میرا بیٹا عبدالرحیم ہے۔

ملزم کی والدہ نے بتایا کہ اس کا اپنے بیٹے سے گزشتہ کئی سالوں سے کوئی رابطہ نہیں ہے۔ایک احمد نامی شخص اس آکر اپنے ساتھ لے گیا تھا بعد میں پتہ چلا کہ عبدالرحیم بھتہ خوری میں ملوث ہو چکا ہے۔اس کا کہنا تھا کہ میرا خاوند ایک فیکٹری میں کام کرتا ہے۔ وہ محنت مزدوری کرکے جو لاتا ہے اس سے میرا اور میری دو بیٹیوں کا گزارا ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا اپنے بیٹے عبدالرحیم سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

اس کو پکڑ کر قانون کے مطابق سزا دی جائے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی نے فیکٹری کے سپروائزر کے بہیمانہ قتل کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی تھی۔ نجی ٹی وی کو موصول ہونے والی فوٹیج کراچی کے علاقے میں واقع ایک فیکٹری کی ہے جہاں تین بھتہ خور فیکٹری میں داخل ہوئے اور سپروائزر سلیم الدین سے بھتہ طلب کیا۔ 17 منٹ کی بحث کے بعد ایک ملزم نے فائرنگ کر دی۔ یکے بعد دیگرے ماری گئی تین گولیوں کے نتیجے میں سلیم الدین موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ بھتہ خور فرار ہوگئے۔

متعلقہ عنوان :