بارشیں معمول پر ہوئیں تو شہریوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں،ثاقب احمد سومرو ،

تجاوزات صرف گجرنالے پر ہی نہیں تمام برساتی نالوں پر مافیا نے قبضہ کرلیا ہے ان کو خالی کرانے کے لئے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے،ایڈمنسٹریٹر کراچی

منگل 20 جنوری 2015 23:06

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی ثاقب احمد سومرو نے کہا ہے کہ بارشیں معمول پر ہوئیں تو شہریوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں ۔تجاوزات صرف گجرنالے پر ہی نہیں تمام برساتی نالوں پر مافیا نے قبضہ کرلیا ہے ان کو خالی کرانے کے لئے بڑے آپریشن کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو شہر کے 4 گھنٹے طویل دورے کے بعد لیاقت آباد گجرنالے پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس سے قبل انہوں نے گلشن اقبال نیپا، یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، سہراب گوٹھ، ناگن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، شاہراہ پاکستان، عائشہ منزل، واٹر پمپ، لیاقت آباد اور دیگر علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا اور بارش کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مختلف نالوں کا بھی معائنہ کیا اور صفائی کے حوالے سے معلومات حاصل کیں اور ہدایت کی کہ نالوں کی صفائی کے کام کو جاری رکھا جائے ۔

میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں تمام متعلقہ اہلکار و افسران مشینری کے ہمراہ تیار ہیں ، بارش شروع ہوتے ہی ہمارا عملہ سڑکوں پر ہوگا اور میں خود بھی شہر کی سڑکوں پر ہونے والے کاموں کی نگرانی کروں گا انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں پر قبضے کی وجہ سے برسات میں مسائل پیدا ہوتے ہیں ۔

مافیا راتوں رات زمینوں اور نالوں پر قبضہ کرتی ہے اور کسی کو خبر بھی نہیں ہونے دیتی اس کے لئے ایک بڑے آپریشن کی ضرورت ہے جس پر غور کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ بلاناغہ تجاوزات کے خلاف مہم چلا رہی ہے تاہم بلدیہ کے پاس اتنے وسائل اور افرادی قوت نہیں کہ سارے شہر میں ایک ساتھ کام شروع کیا جائے تاہم تجاوزات کے خلاف مہم جاری ہے اور جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ نالوں کا سائز اتنا چھوٹا ہوچکا کہ پانی کا گزرنا مشکل ہو رہا ہے اس لئے پانی سڑکوں اور آبادیوں میں آتا ہے اب بلدیہ کی مشینری بھی نالوں کو صاف نہیں کرسکتی کیونکہ جگہ نہیں ہے انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ کچرا نالوں میں نہ ڈالیں کچرا ٹنوں کے حساب سے نالوں میں ڈالا جا رہا ہے جس نالے کو بھی صاف کیا جائے چند گھنٹے بعد کچرا دوبارہ ڈال دیا جاتا ہے لہٰذا شہری اس سے خود اجتناب برتیں۔انہوں نے کہا کہ تمام عملے کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور تمام متعلقہ اسٹاف ڈیوٹیوں پر موجود ہے اس لئے شہریوں کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہونی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :