ملک میں پیٹرول کی قلت پر قابو پالیا گیا ہے، غلط افواہیں پھیلا کر مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی وجہ سے لوگوں کو پریشان کیا گیا، عامر بٹ

منگل 20 جنوری 2015 22:49

ملک میں پیٹرول کی قلت پر قابو پالیا گیا ہے، غلط افواہیں پھیلا کر مصنوعی ..

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کے سیکریٹری جنرل عامر بٹ نے کہا ہے کہ ملک میں پیٹرول کی قلت پر قابو پالیا گیا ہے، غلط افواہیں پھیلا کر مصنوعی قلت پیدا کرنے کی کوشش کی وجہ سے لوگوں کو پریشان کیا گیا، کراچی ہمارا معاشی حب ہے اور امپورٹ کیا جانے والا تمام پیٹرول کراچی آتا ہے، اس کے علاوہ کراچی میں 3 آئل ریفائنریاں ہیں جو روزانہ 1300 میٹرک ٹن پیٹرول کراچی کو دیتی ہیں، حکومت افواہ پھیلانے والوں کے خلاف ایکشن لے۔

منگل کو یہاں میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عامر بٹ نے کہا کہ وفاقی وزیر پیٹرولیم کے ساتھ ہونے والے اجلاس میں تمام آئل مارکیٹنگ کمپنیوں نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی ہے کہ ملک میں روزانہ 15 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول مہیا کیا جائے گا، جو مہیا کیا جا رہا ہے لیکن کچھ لوگ میڈیا کے ذریعے غلط خبریں پھیلا کر بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی میں ڈیمانڈ سے زیادہ سپلائی دی جا رہی ہے، افواہوں کی وجہ سے پیٹرول پمپوں پر اچانک رش بڑھ گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ 18 جنوری کو پی ایس او کا 50 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کراچی اتارا گیا ہے، 20 جنوری کو شیل کی جانب سے 22 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کراچی پہنچ گیا ہے، 24 جنوری کو حسکول آئل کمپنی کی جانب سے 32 ہزار میٹرک ٹن، 26 جنوری کو پی ایس او کی جانب سے 50 ہزار میٹرک ٹن، 29 جنوری کو پی ایس او کی جانب سے 50 ہزار میٹرک ٹن جبکہ شیل آئل کمپنی کی جانب سے 30 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کراچی پہنچ جائے گا، اس لئے ملک میں کہیں بھی پیٹرول کی کمی نہیں ہو گی اور ضرورت کے مطابق پیٹرول کی ترسیل ہو گی۔

عامر بٹ نے کہا کہ امپورٹ کے علاوہ ملک میں موجود آئل ریفائنریز یومیہ 5 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول مہیا کر رہی ہیں۔

متعلقہ عنوان :