ملک کے چھوٹے شہروں میں کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لئے کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، ظفر الحق حجازی

منگل 20 جنوری 2015 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) ملک کے چھوٹے شہروں میں کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لئے کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ منگل کو یہاں جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیکیوریٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے چیئرمین ظفر الحق حجازی نے سینٹرل ڈیپازیٹری کمپنی آف پاکستان (سی ڈی سی) کے چیف ایگزیکٹو آفیسرمحمد حنیف جھکورا کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو ملک کے چھوٹے شہروں میں کیپیٹل مارکیٹ حب قائم کرنے کیلئے پائلٹ پراجیکٹ پر کام کرے گی جو سرمایہ کاروں کو کیپیٹل مارکیٹ کی بچت اسکیموں میں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کرے گی۔

کمیٹی اسٹاک ایکسچینجز اور ایسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے نمائندوں پر مشتمل ہوگی۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے کراچی میں سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے ہیڈ آ فس کے دورہ کے دوران یہ کمیٹی تشکیل دی۔

(جاری ہے)

کمشنر ایس ای سی پی سیکیوریٹیز مارکیٹ ڈویژن ظفر عبداللہ اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیکیوریٹیز مارکیٹ ڈویژن ایس ای سی پی عمران پنجوانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس موقع پر ایس ای سی پی کے چیئرمین کو سی ڈی سی کی جانب سے سرمایہ کاروں کے تحفظ اور کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کیلئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین نے پاکستانی کییپٹل مارکیٹ کی ترقی اور سرمایہ کاروں کے تحفظ کے لئے سینٹرل ڈپازیٹری کمپنی کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو سراہا او ر سرمایہ کاروں میں آگاہی پیدا کرنے اور معاشرے کے مختلف طبقوں ڈاکٹروں، وکلاء اکاؤنٹنٹس ، چھوٹے کاروبار ی مالکان اورطلباء کو سرمایہ کاری کی جانب راغب کرنے کی کوششوں پر زور دیا ۔

سی ڈی سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسرجناب محمد حنیف جکھورا ، سی ڈی سے کے چیئرمین، بورڈ ا ور سینئر مینجمنٹ نے وفد کا استقبال کیا۔سینٹرل ڈپازٹری کمپنی کے دورہ کے دوران وفد کو کمپنی کے مختلف شعبہ جات کے متعلق آگاہ کیا گیا۔ وفد کو کمپنی کے آئی ٹی انفراسٹرکچر اورسرمایہ کاروں میں آگاہی وشعورپیدا کرنے کیلئے کی جانے والی کوششوں اور کمپنی کی کارپوریٹ سوشل رسپانسبلیٹی سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔