شیل پاکستان کی 22 ہزار میٹرک ٹن پر مشتمل پیٹرول کی کنسائنمنٹ پورٹ قاسم پہنچ گئی،

کراچی میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں، شیل پاکستان کے کراچی میں تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرول مقررہ قیمتوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہے، سیمی سعد

منگل 20 جنوری 2015 22:49

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) شیل پاکستان کی 22 ہزار میٹرک ٹن پر مشتمل پیٹرول کی کنسائنمنٹ پورٹ قاسم پہنچ گئی، کراچی میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں، شیل پاکستان کے کراچی میں تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرول مقررہ قیمتوں پر وافر مقدار میں دستیاب ہے۔اس ضمن میں شیل پاکستان کی کنٹری ایکسٹرنل افیرئز منیجر سیمی سعد نے بتایا کہ 22 ہزار میٹرک ٹن پر مشتمل پیٹرول کی کنسائنمنٹ پورٹ قاسم پر پہنچ گئی جبکہ 28 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول کی کنسائنمنٹ 29 جنوری 2014ء کو پہنچ جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 22 ہزار میٹرک ٹن پیٹرول رواں ماہ کی 11 تاریخ کو پہنچ چکا ہے اور شیل کے تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرول مقررہ قیمتوں پر دستیاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیٹرول کی کوئی قلت نہیں ہے اور پیٹرول وافر مقدار میں موجود ہے لہذا عوام کسی بھی قسم کی افواہوں کا شکار نہ ہوں۔

(جاری ہے)

پیر کی شام اچانک پیٹرول پمپس بند ہوجانے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں سیمی سعد نے کہا کہ افواہوں کی وجہ سے پیٹرول کے صارفین نے اپنی ضروریات سے زیادہ پیٹرول خریدا جس کے باعث شیل پاکستان کے آؤٹ لیٹس پر پیٹرول ختم ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ شہر کے تمام علاقوں میں پیٹرول کی ترسیل رات کے اوقات میں کی جاتی ہے اور رات کو آؤٹ لیٹس پر پیٹرول کی فراہمی کے بعد منگل کوشیل پاکستان کے تمام آؤٹ لیٹس پر پیٹرول کی دستیابی کے بعد معمول کے مطابق پیٹرول کی فروخت جاری ہے۔ سیمی سعد نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ افواہیں پھیلانے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ شہر کراچی پیٹرول کے حوالے سے بحران کا شکار نہ ہو۔

متعلقہ عنوان :