حکومتی نااہلیاں مارشل لاء کی راہ ہموار کررہی ہیں۔چیئرمین مہاجر قومی موومنٹ آفاق احمد،

مسائل و مصائب میں گھرے عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے ،کارکنان و عہدیداران عوام سے مکمل رابطہ میں رہیں

منگل 20 جنوری 2015 22:46

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے تنظیمی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نامسائد حالات میں عوام سے رابطہ مہم میں انکی جدوجہد کو سراہتے ہوئے کہا کہ مہاجر قوم کا مستقبل مستحکم اور خوشحال پاکستان سے جڑا ہوا ہے ۔آج ملک جس بے یقینی کی کیفیت سے گزر رہا ہے وہ انتہائی تشویشناک ہے ۔

چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے عوام نے جس یکجہتی کا مظاہرہ کیا اسے ملک و قوم کی بہتری کیلئے استعمال کرنے کی بجائے ایک منظم سازش کے تحت پارہ پارہ کیا جارہا ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ دہشت گردوں میں تفریق پیدا کرکے دہشت گردی کی تعریف کو متنازعہ بنادیا گیا ہے جس کی وجہ سے پاکستان کے عوام جوکہ دہشت گردوں کے خلاف یکجا ہوئے تھے اب تذبذب کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت بھی عوام کو مسائل کی دلدل میں دھکیل کر عوام کی اجتماعی سوچ کو انکی ذاتی سوچ تک محدود کردینا چاہتی ہے۔آفاق احمد نے کہا کہ پیٹرول ،بجلی ،گیس اور مہنگائی جیسے مسائل حکومت کی نااہلی کی وجہ سے شدت اختیار کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی نااہلیاں مارشل لاء کی راہ ہموار کررہی ہیں اور مسائل کی دلدل میں دھنسے عوام کا جمہوریت پر سے اعتماد اٹھ رہا ہے ۔چیئرمین آفاق احمد نے مزید کہا کہ حکومت کو عوامی مسائل حل کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر سنجیدہ اقدامات کرنے ہونگے ،اگر حکومت نے سنجیدگی کا مظاہرہ نہ کیا تو جمہوریت کی بساط طویل عرصے کیلئے لپٹ جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :