گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف ملین مارچ 25جنوری کو یونیورسٹی روڈ پر ہوگا ،حافظ نعیم الرحمن ،

جمعہ کو شہر بھر میں مظاہرے ہوں گے ،کارکنان فوری طور پر رابطہ عوام مہم شروع کردیں ،برادر تنظیموں کے اجلاس سے خطاب

منگل 20 جنوری 2015 22:46

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) جماعت اسلامی کراچی کے تحت اتوار 25جنوری کو 3بجے دن گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کے خلاف اور تحفظ ناموس مصطفی کے عزم کے لیے ہونے والے عظیم الشان ملین مارچ کاآغاز نیپا کے پل سے ہوگا جب کہ اختتام حسن اسکوائر پر ہوگا جب کہ جمعہ 23جنوری کو شہر بھر کی درجنوں مساجد کے باہر نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ہوں گے ،جمعرات 22جنوری کو شہر کے اہم مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے ۔

اس بات کا اعلان امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے جامع مسجد الہدیٰ نارتھ کراچی میں جماعت اسلامی کی برادر تنظیموں کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی کے رہنماؤں ،برادر تنظیموں کے ذمہ داران اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ تحفظ ناموس مصطفیٰ ملین مارچ کے سلسلے میں شہر بھر میں بڑے پیمانے پر عوامی رابطہ مہم کا آغاز کردیں اور نوجوانوں ،بزرگوں ،مزدوروں،تاجروں ،وکلاء ،صحافی ،علمائے کرام اور طلباء سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے رابطہ کریں اور لاکھوں افراد کی شرکت کو یقینی بنائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملین مارچ میں کراچی کے لاکھوں مرد و خواتین شرکت کریں گے اور حرمت رسول پر کٹ مرنے کا عز م کریں گے ۔ملین مارچ سے امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق خطاب کریں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزادی اظہار کے نام پر نبی کریم کی شان میں گستاخی کی اجازت ہر گز نہیں دی جا سکتی اور ایک مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے مگر نبی کریم کی شان میں گستاخی کسی صورت برداشت نہیں کر سکتا ۔

مغرب کی جانب سے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پراصرار اور ان کا دفاع کرنا مسلمانوں کی غیرت و حمیت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور شان مصطفیٰ کے متوالے یہ چیلنج قبول کرتے ہیں ،کراچی میں شان مصطفیٰ کے متوالے 25جنوری کو ملین مارچ کے لفظ کو بھی چھوٹا ثابت کر دیں گے۔اجلاس میں جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر مظفر احمد ہاشمی ،سیکریٹری عبد الوہاب ،اسسٹنٹ سیکریٹری راشد قریشی ،صابر احمد اور دیگر ذمہ داران کے علاوہ اسلامی جمعیت طلبہ ،شباب ملی،جمعیت طلبہ عربیہ ،جمعیت اتحاد العلماء ،تنظیم اساتذہ ،آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز ،اسلامک لائر فورم ،انجینئرز فورم ،اکاؤنٹنٹ فورم ،پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن اور دیگر نمائندوں نے شرکت کی۔#

متعلقہ عنوان :