اہانت رسالت پراوآئی سی مسلم اُمہ کی ترجمانی کا حق ادا نہیں کر سکی،مفتی ناصر خان

منگل 20 جنوری 2015 22:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء)جما عت اہلسنّت پاکستان کراچی ضلع غربی کے امیر مفتی ناصر خان ترابی نے کہا کہ فرانسی میگزین نے اظہارِ رائے کے نا م پر پیغمبر ِ اسلام کی توہین کر کے امت مسلمہ کی غیرت و حمیت کو للکارا ہے۔ مغر بی ممالک کی سرپرستی میں بار بار توہین آمیز خاکے شائع کرنا اسلام سے بغض کا واضح اظہار ،انتہا پسندانہ ذہن کی عکاس اور ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی شدید دل آزاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کی عالمی تنظیم OIC مسلم اُمہ کی ترجمانی کا حق ادا نہیں کر سکی، مفتی ناصر خان نے جما عت اہلسنّت ضلع غربی کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظا ہرے سے خطاب میں کہا کہ محسن انسانیت کے گستاخانہ خاکے شائع کرنا سنگین اشتعال انگیزی ہے،جان بوجھ کر مسلمانوں کے جذبات کو مشعل کیا جاتا ہے جس کا مقصد تشدد پھیلانا ہے ۔

(جاری ہے)

مظاہرے سے صوفی حسین لاکھانی نے تقریر میں کہا کہ اظہار رائے کی بھی کچھ حدود ہیں آزادی اظہار توہین مذاہب کا لائسنس نہیں دیتی ،مسلمانوں کے عظیم رہبر و رہنماء کی گستاخی بھی دہشت گردی کے زمرے میں آتی ہے۔انہوں نے مزیدکہا کہ مسلم امہ کو گستاخان رسالت کا وجود اس زمین پر برداشت نہیں جب قانون گستاخوں کی گرفت نہیں کرے گا تو غازی علم الدین جیسے غلامانِ مصطفی مرتکبین کو انجام سے دوچار کرتے رہیں گے۔

عرفان مصطفی قادری نے خطاب میں کہا کہ عالمی سطح پر انبیاء کی توہین روکنے کے لئے قوانین بنائے جائیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عالمی برادری آزادی اظہار کی حدود متعین کرے تاکہ مذہبی شخصیات کی دل آزاری نہ ہوسکے، پاکستانی حکومت عالمی سطح پر اس حساس ترین مسئلے پر عوام کے جذبات کی بھر پور ترجمانی کا حق ادا کرتے ہوئے صدائے احتجاج بلند کرے۔ احتجاجی مظاہرے میں کثیر تعداد میں عاشقان ِ رسول نے شرکت کی جو ناموس رسالت پہ جان قربان ، اور غلامی رسول میں موت بھی قبول کے نعرے لگا رہے تھے۔ اس موقع پر سید رفیق شاہ،مفتی بلال،سلیم عطاری،علم الدین شاہ الازہری،مفتی سمیع اللہ الحسینی،علامہ یوسف ،علامہ زیارف قادری، وحیداللہ و دیگر بھی موجود تھے۔