سٹیزن سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن ولیگل ایڈ کمپلین سیل کے زیر اہتمام حیدرآباد پریس کلب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا

منگل 20 جنوری 2015 22:40

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء)سٹیزن سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن ولیگل ایڈ کمپلین سیل کے زیر اہتمام حیدرآباد پریس کلب میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیاجس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے بلدیات پولیس اوردیگر محکموں کے خلاف شکایتوں کے انبار لگادیئے۔

(جاری ہے)

حیدرآباد شہر میں امن وامان کی بدترین صورتحال اور صحت وصفائی کے ناقص اقدامات سے متاثرہ افراد کی آواز کو حکمرانوں کے اعلیٰ ایوانوں تک پہنچانے کے لئے حیدرآباد پریس کلب کے آڈیٹوریم ہال میں کھلی کچہری کا انعقاد کیاگیا، سٹیزن سوشل ویلفیئر ایسوسی ایشن ولیگل ایڈ کمپلین سیل صدر فہیم صدیقی، ہیومن رائٹس فورم کے صدر محبوب سانگی، سنی تحریک کے ضلعی رہنما عمران سہروردی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری تنظیم شہری مسائل کے لئے آئینی و قانونی جدوجہد جاری رکھے گی اور میڈیا کے تعاون سے شہری مسائل کو اجاگر کرنے اور اعلیٰ حکام کی توجہ مبذول کروانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے، عوام الناس ہماری اس جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں، حیدرآباد و گردونواح سے آئے شہریوں نے کھلی کچہری میں کھل کر اپنے مسائل کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہوا دانوں کے شہر حیدرآباد کو سندھ حکومت اور سرکاری اداروں افسران نے اپنی نااہلی اور عدم توجہی کے سبب گندگی وغلاظت کا شہر بنا دیا ہے، بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد اور واسا، ایس بی سی اے ، ایچ ڈی اے کے افسران وملازمین کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے شہر کی سڑکیں اور گلیاں گندے پانی کے جوہڑ کا منظرپیش کررہی ہے، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور غلاظت تعفن نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، اسی وجہ سے علاقہ مکین مختلف بیماریوں کا شکارہورہے ہیں، متعلقہ اداروں کو متعدد مرتبہ شکایت کرنے کے باوجود کوئی سنوائی نہیں ہوئی، انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کے لئے ہرسال بڑے پیمانے پر ترقیاتی پروجیکٹ کا اعلان کیاجاتاہے لیکن حقیقی طور پر شہریوں کو اس جدید دور میں پینے کا صاف پانی بھی میسر نہیں، شہریوں کا کہنا تھا کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، پولیس اہلکار رشوت لے کر منشیات فروشوں کی رکھوالی کررہے ہیں، لیکن شہر کا کوئی پرسان حال نہیں ہے، ای او بی آئی اور محکمہ روینیو میں بھی لوگوں کو جائز کام کروانے کے لئے بھاری رشوت دینا پڑتی ہے،کھلی کچہری میں موجود لوگوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ، کمشنر حیدرآباد اور متعلقہ اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیاکہ حیدرآباد کے مکینوں پر رحم کھاتے ہوئے ان کے جائز حقوق دلوائے جائیں۔