تھانوں میں ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے،سی سی پی او لاہور

منگل 20 جنوری 2015 22:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) سی سی پی او لاہور کیپٹن(ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ تھانوں میں ایڈمن افسروں کی تعیناتی تھانہ کلچر میں تبدیلی کی جانب اہم پیش رفت ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور اس پراجیکٹ میں موبی لنک کمپنی نے جو ٹیکنیکل اسسٹنس اور موبائل فون سہولیات فراہم کی ہیں وہ یقینا قابل ستائش ہیں۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اپنے دفتر میں موبی لنک کی مارکیٹنگ ٹیم جس میں شوکت میو، عبدالحادی اور دیگر افراد شامل تھے کے ساتھ اپنے دفتر میں ایک میٹنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر شوکت میو نے موبی لنک کی جانب سے ایڈمن افسروں کے لیے166 انڈرائڈموبائل فونزسی سی پی او کے سپرد کیے۔ سی سی پی او نے کہا کہ عام آدمی کو انصاف کی فراہمی اور تھانے میں اس کے ساتھ اچھے برتاؤ کو یقینی بنانے کے لیے ایڈمن افسروں کے طور پر پڑھے لکھے اور نوجوان اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کو تھانوں میں تعینات کیا گیا ہے تا کہ عام آدمی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے ساتھ ساتھ پولیس اور عوام میں حائل خلیج کو کم سے کم کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

موبی لنک کی جانب سے عبدالحادی نے میٹنگ میں بتایا کہ ایس ایچ اوز اور تفتیشی افسروں کی نقل و حرکت کی مانیٹرنگ کے لیے موبی لنک لاہور پولیس کو ٹریکنگ کا جدید سسٹم مہیا کرے گا۔ سی سی پی او نے ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف کو اس ٹریکنگ سسٹم کے حوالے سے موبی لنک کے نمائندوں سے تفصیلی میٹنگ کر کے اسے جلد از جلد شروع کرنے کی ہدایت کی۔

متعلقہ عنوان :