پٹرول بحران، تحقیقاتی کمیٹی نے اوگرا کو ذمہ دار قرار دیدیا، رپورٹ وزیراعظم کو پیش

منگل 20 جنوری 2015 15:06

پٹرول بحران، تحقیقاتی کمیٹی نے اوگرا کو ذمہ دار قرار دیدیا، رپورٹ وزیراعظم ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20جنوری2015ء) پٹرول بحران پر قائم کمیٹی نے ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ وزیر اعظم نواز شریف کو پیش کر دی ۔ اوگرا کو ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔ ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر فنانس پی ایس او سہیل بٹ کو بھی معطل کر دیا گیا۔ وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ ایسے اقدامات کئے جائیں کہ دوبارہ بحران پیدا نہ ہو۔ وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت پٹرول بحران کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس وزیر اعظم ہاؤس میں ہوا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ایسی انتظامی تبدیلیاں کی جائیں کہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو ۔ اجلاس میں وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل کی گئی تحقیقاتی کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ پیش کی ۔ رپورٹ میں اوگرا کو پٹرول بحران کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ اوگرا بحیثیت ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ اوگرا سٹاک پورا رکھنے کا ذمہ دار ہے لیکن اس نے اس بات کو یقینی نہیں بنایا ۔ اجلاس نے قرار دیا کہ چار افسران کو معطل کیے جانے کا فیصلہ بھی درست ہے جبکہ ڈپٹی مینیجنگ ڈائریکٹر فنانس پی ایس او سہیل بٹ بھی پٹرول بحران کا ذمہ دار قرار دیئے گئے اور انھیں معطل کر دیا گیا۔