کراچی ،سلطان آباد 4سالہ بچہ نالے میں ڈوب گیا امدادی ٹیمیں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تلاش میں ناکام

پیر 19 جنوری 2015 23:25

کراچی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) کراچی کے علاقے سلطان آباد میں چار سالہ بچہ نالے میں ڈوب گیا۔امدادی ٹیمیں کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود تلاش میں ناکام رہیں۔ ریسکیو آپریشن کے دوران نالے سے ایک کھوپڑی بھی برآمد ہوئی ہے۔ بروقت تلاش شروع نہ ہونے پر علاقہ مکینوں نے احتجاج بھی کیا۔ تفصیلات کے مطابق سلطان آباد ہجرت کالونی میں پیر کو چار سالہ بچہ کھیلتے ہوئے نالے میں گر گیا۔

اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد موقع پر پہنچ گئی اور اپنی مدد آپ کے تحت تلاش شروع کر دی لیکن ناکام رہے۔

(جاری ہے)

امدادی ٹیمیں بروقت نہ پہنچیں تو لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ مائی کلاچی روڈ پر مظاہرے کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی۔ کئی گھنٹے گزرنے کے باوجود ابھی تک بچے کو تلاش نہیں کیا جا سکا ہے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ریسکیو آپریشن کے دوران نالے سے ایک کھوپڑی بھی ملی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کھوپڑی اس خاتون کی ہے جو 2 سال قبل اس نالے میں گر کر ڈوب گئی تھی اور اس کی لاش برآمد نہیں ہوسکی تھی۔ واضح رہے کہ مذکورہ نالے میں گزشتہ 2 برسوں کے دوران ایک خاتون اور 2 بچے ڈوب کر جاں بحق ہوچکے ہیں اور ان میں سے کسی کی بھی لاش برآمد نہیں ہوسکی ہے۔

متعلقہ عنوان :