کراچی ،ٹارگٹ کلنگ کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوچکا ہے،یونس خان بونیری،

ڈاکٹروں ،پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ روز کا معمول بن چکی ،دہشت گرد پولیس اہلکاروں کو آزادانہ طور پر قتل کررہے ہیں

پیر 19 جنوری 2015 23:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) عوامی نیشنل پارٹی سندھ کے جنرل سیکریٹری یونس خان بونیری نے کہا ہے کہ کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کا جن ایک مرتبہ پھر بے قابو ہوچکا ہے،ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کی ٹارگٹ کلنگ روز کا معمول بن چکی ہے ،دہشت گرد پولیس اہلکاروں کو آزادانہ طور پر قتل کررہے ہیں،ڈاکٹروں اور پولیس اہلکاروں کی مسلسل ٹارگٹ کلنگ ریاستی اداروں کی کاروائیوں پر بہت بڑا سوالیہ نشان بھی ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع غربی کے سعید آباد وارڈ میں ضلع کے شہید صدور ڈاکٹر ضیاء الدین اور حاجی سیف اللہ آفریدی کی یاد میں تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے مذید کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار ہونے والی جماعت ہے،خاص طور پر ضلع غربی میں اے این پی کی سیاست ناقابل معافی جرم بنادی گئی ہے ،حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں،اے این پی ملکی بقاء کے لیے تاریخی قربانیاں دے رہی ہے ،ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے ہمارے رہنماؤں کے قاتلوں کو گرفتار کریں ، صرف ضلع غربی میں ہمارے تین ضلع صدور اور ایک جنرل سیکریٹری کو شہید کیا جاچکا ہے،ڈاکٹر ضیاء الدین اور حاجی سیف اللہ آفریدی شہدائے امن ہیں ہم سب ان کے ادھورے مشن کو پورا کریں گے ظالم چاہے کتنا ہی ظلم کرلیں دہشت گردوں کی ہار اور ہماری جیت ہوگی ،اس موقع پر سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے ممبر رانا گل آفریدی اور ضلعی جنرل سیکریٹری مراد خان نے بھی خطاب کیا ۔