پنجاب میں پیٹرول کی قلت کے بعد اب کراچی میں بھی پیٹرول کا مصنوعی بحران سراٹھانے لگا،

شہر میں پیٹرول مافیا نے صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے مصنوعی بحران پیدا کرنا شروع کردیا

پیر 19 جنوری 2015 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) پنجاب میں پیٹرول کی قلت کے بعد اب کراچی میں بھی پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب میں پیٹرول کی قلت کے بعد کراچی میں بھی عوام کے لیے پیٹرول نایاب ہوتا جارہا ہے جہاں شہر کے بیشتر پمپس پر پیٹرول مصنوعی بحران پید اکرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس کے سبب عوام کی بڑی تعداد پیٹرول کے حصول کے لیے پریشان نظر آتی ہے۔

کراچی میں ڈیفنس سمیت شہر کے مختلف علاقوں کے پیٹرول پمپس پر شہریوں کا رش دیکھنے میں آیا جہاں شہری پیٹرول کے لیے گاڑیوں کے علاوہ بوتلیں اور بڑے کین لیے لائنوں میں کھڑے تھے۔ شہر میں پیٹرول مافیا نے صورتحال سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کرتے ہوئے پیٹرول کا مصنوعی بحران پیدا کرنا شروع کردیا ہے اور بیشتر پمپس پر پیٹرول ہوتے ہوئے بھی شہریوں کو نہیں دیا گیا۔

(جاری ہے)

صدرپٹرولیم ڈیلرز ایسو سی ایشن شبیرسلیمان کا کہنا ہے کہ سندھ میں پٹرول کی طلب میں اضافہ دیکھا جارہا ہے، مارکیٹنگ کمپنیاں زائد طلب کو پورا نہیں کر پا رہیں، جبکہ پمپس کو مطلوبہ مقدار سے 40فیصد کم پٹرول مل رہا ہے۔ شبیر سلیمان نے عوام سے کہا ہے کہ وہ زائد خریداری نہ کریں، وافر پٹرول موجود ہے، جبکہ سندھ میں رواں پورے ہفتے سی این جی بحال رکھنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ لاہور سمیت پنجاب بھر میں گزشتہ ہفتے سے پیٹرول کی شدید قلت ہے جسے بہتر بنانے کے لیے حکومت کی جانب سے صرف دعوے کیے جارہے ہیں جبکہ عوام پیٹرول کے حصول کے لیے شدید پریشان ہیں۔

متعلقہ عنوان :