حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں گستاخی رسول پر مشتعل اور جذباتی ہوکر ایسے ماورائے عقل اقدام نہیں کرنے چاہئیں، عامر خان ،

جماعت اسلامی ناموس رسالت ﷺ پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے، طارق محبوب

پیر 19 جنوری 2015 23:19

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان اور حق پرست رکن صوبائی اسمبلی عبد الحسیب نے گزشتہ روز سنی اتحاد کونسل سندھ کے صدر طارق محبوب سے ان کی رہائشگاہ واقع فیڈرل بی ایریا میں جاکر ملاقات کی ۔ اس موقع پر پیر مختار حسین صدیقی اور دیگر علمائے کرام سمیت ایم کیوایم علماء کمیٹی کے انچارج جاوید احمد اور اراکین بھی موجود تھے ۔

ملاقات میں رابطہ کمیٹی کے رکن عامر خان نے طارق محبوب سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ناموس رسالت ﷺ پر کوئی بھی مسلمان سمجھوتہ نہیں کرسکتا اور کسی بھی فرد کو حضرت محمد مصطفی ﷺ کی تعلیمات کی روشنی میں گستاخی رسول پر مشتعل اور جذباتی ہوکر ایسے ماورائے عقل اقدام نہیں کرنے چاہئے جس سے دہشت گرد قوتیں فائدہ اٹھا کر دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور دیگر آپریشنز کو سبوتاژ کرسکیں ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر طارق محبوب نے کہا کہ ناموس رسالت کی نام نہاد چیمپئن جماعت اسلامی کے بانی مودودی کی انگنت کتابیں توہین رسالت ﷺ سے بھری ہوئی ہیں اور آج جماعت اسلامی ناموس رسالت ﷺ پر مگر مچھ کے آنسو بہا رہی ہے ۔انہوں نے کہاکہ انبیاء کرام  پر رقیق الزامات اور تنقید مودودی کی کتابوں کا حصہ ہیں اور یہ تمام ہی کتب تاریخ کے ریکارڈ پر موجود ہیں ۔ دریں اثناء انہوں نے شہر میں ایم کیوایم کے کارکنان کے شہادتوں کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کیلئے دعا بھی کی ۔