لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کرنے والوں نے پٹرول ہی ختم کردیا ،خورشید شاہ،

عام آدمی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے ،حکومت بحرانوں کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں یہ جمہوریت کیلئے اچھا شگون نہیں ، اپوزیشن لیڈر، پیٹرول کے بحران پر چند افسر معطل کرکے عوام کی تکلیف کا مداوا نہیں کیا جاسکتا، بیان

پیر 19 جنوری 2015 23:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کے دعوے کرنے والوں نے پٹرول ہی ختم کردیا ،عام آدمی حکومت کی نااہلی کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے حکومت بحرانوں کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں یہ جمہوریت کیلئے اچھا شگون نہیں  پیٹرول کے بحران پر چند افسر معطل کرکے عوام کی تکلیف کا مداوا نہیں کیا جاسکتا۔

اپنے ایک بیان میں سید خورشید شاہ نے کہاکہ حکومت صرف گیس، بجلی اور پٹرول کی فراہمی میں ناکام نہیں ہوئی بلکہ اس نے عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہونیوالی کمی میں بھی انصاف نہیں کیا۔خور شید شاہ نے کہاکہ حکومت کو پہلے ہی بحرانوں کے بارے میں آگاہ کر دیا تھا لیکن حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی ۔

(جاری ہے)

حکومت بحرانوں کو حل کرنے میں سنجیدہ نہیں اور یہ جمہوریت کیلئے اچھا شگون نہیں ہے، انہوں نے کہا کہ اگر جمہوریت اور لوگوں کو ان کے حقوق نہ ملے تو حکومت کی مخالفت کرینگے۔

اپوزیشن لیڈر نے کہاکہ عام آدمی حکومتی نااہلی کے باعث مشکلات سے دوچار ہے ، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد سے از جلد پٹرول اور بجلی بحران کے خاتمے کیلئے اقدامات کرے، سید خورشید شاہ نے کہاکہ وفاقی وزراء سینیٹ، قومی اسمبلی اور قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس میں شرکت نہیں کرتے وزیراعظم نے قوم سے وعدہ کیا تھا کہ وہ وزراء کی کارکردگی کا جائزہ خود لینگے لیکن اعلی سطح پر احتساب کا کوئی نظام موجود نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیٹرول کے بحران پر چند افسر معطل کرکے عوام کی تکلیف کا مداوا نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پیٹرول کی قلت سے اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے جب کہ عوام بھی شدید تکلیف میں مبتلا ہیں اور چند افسران معطل کرکے ان کی تکلیف کا مداوا نہیں کیا جاسکتا بلکہ اس بحران سے نمٹنے کے لئے ٹھوس حکمت عملی کی ضرورت ہے۔