پنجاب کے بعد کراچی میں بھی پیٹرول بحران شدت اختیار کرگیا ، اچانک پیٹرول پمپس بند ہوگئے،

پمپس اسٹاف اور شہریوں میں تلخ کلامی کے واقعات، جمشید روڈ پر پمپ کے سیکورٹی گارڈز کی فائرنگ سے باعث شدید ہنگامہ آرائی

پیر 19 جنوری 2015 22:37

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) پنجاب کے بعد کراچی میں بھی پیٹرول بحران شدت اختیار کرگیا ہے ، پیر کی شام کو شہر کے مختلف علاقوں میں اچانک پیٹرول پمپس بند ہوگئے ، بعض مقامات پر پمپس اسٹاف اور شہریوں میں تلخ کلامی کے واقعات بھی ہوئے جبکہ جمشید روڈ پر پمپ کے سیکیورٹی گارڈز کی فائرنگ سے باعث شدید ہنگامہ آرائی بھی ہوئی ہے ۔

تفصیلات کے مطابق پیٹرول کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے۔ پنجاب کے بعد کراچی میں بھی عدم دستیاب ہو گیا ہے ،پیر کی شام کو پیٹرول نہ ہونے کے باعث بیشتر پیٹرول پمپس ہوگئے تھے ۔چند ایک پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب تھا تو وہاں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی تھیں۔ صدر، ایم اے جناح روڈ، شارع فیصل ،شارع پاکستان ، راشد مہناس روڈ، سپر ہائی وے ، نیشنل ہائی وے ،نشتر روڈ، نیو ایم اے جناح روڈ ، جمشید روڈ، یونیورسٹی روڈ ، شہید ملت روڈ، اسٹیڈیم روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، ایم آر کیانی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہوں پر پمپس بند ہوگئے تھے ۔

(جاری ہے)

جمشید روڈ پر ایک پیٹرول پمپ پر پیٹرول نہ دینے کے باعث شہریوں اور پمپ اسٹاف میں تلخ کلامی ہوئی اس دوران پمپ کے سیکیورٹی گارڈز نے فائرنگ کردی جس سے شہری مشتعل ہوگئے اور انہوں نے ہنگامہ آرائی شروع کردی تاہم اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور اپنی نگرانی میں پمپ بند کرادیا تھا ۔ صارفین نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 8 ماہ سے پیٹرول کا بحران نظرآرہا تھا لیکن منصوبہ بندی نہ ہونے کے باعث یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔