جماعت اسلامی کراچی کا نوائے وقت کراچی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سعید خاور کے گھر پر رینجرز کے چھاپے پر تشویش کا اظہار

پیر 19 جنوری 2015 22:23

کراچی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جنوری 2015ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن اور سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری نے روزنامہ نوائے وقت کراچی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹر سعید خاور کے گھر پر رینجرز کے چھاپے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کاروائی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ سینئر صحافی کے گھر پر قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کے چھاپے سے پوری صحافی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے ،حکومت اور متعلقہ ادارے کے ذمہ داران کا فرض ہے کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور واقع کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائے ۔

(جاری ہے)

حافظ نعیم الرحمن نے سینئر صحافی سعید خاور سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی صحافی برادری کے ساتھ ہے اور صحافیوں کو پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی میں کسی رکاوٹ اور صحافیوں کو خوفزدہ کرنے کی کوششوں کی بھی شدید مذمت کرتی ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ صحافی برادری کو آزادانہ طور پر اپنے فرائض کی انجام دہی کو یقینی بنایا جائے ۔