پاکستانی قوم دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے متحد ہو چکی ہے،شہبازشریف

پیر 19 جنوری 2015 11:16

پاکستانی قوم دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے متحد ہو چکی ہے،شہبازشریف

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 19جنوری2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےکہاہے کہ پاکستانی قوم دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے متحد ہو چکی ہے۔ترقی اور خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ دہشت گردی اور انتہاپسندی ہے۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے یہ بات برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن کے ساتھ ملاقات کے دوران کہی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلی کاکہناتھاکہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔پاکستان اور برطانیہ کے درمیان بہترین دوستانہ و تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ برطانیہ کا تعلیم، صحت، سکل ڈویلپمنٹ، امن عامہ اور دیگر شعبوں میں تعاون لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی اور انتہاپسندی کے چیلنجز کا سامنا ہے۔سانحہ پشاور میں معصوم بچوں کی شہادت پر ہر دل زخمی اور ہر آنکھ اشکبار ہے۔ انہوں نے کہاکہ اتحاد کی طاقت سے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہاکہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔مختلف شعبوں میں تعاون جاری رکھیں گے۔