پشاور،سانحہ گھنٹہ گھر پر تاجرتنظیم سے حکومت کے مذاکرات کامیاب،

واقعہ کی غیر جانبدار انکوائری، جاں بحق وزخمی افراد کیلئے امدادی پیکیج اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کے مطالبات منظور

ہفتہ 17 جنوری 2015 23:15

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) سانحہ گھنٹہ گھر پر صوبائی حکومت نے متاثرہ تاجر تنظیم سے کامیاب مذاکرات کئے ہیں وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی ہدایت پر پشاور سے پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت یوسفزئی کی معیت میں جرگے کی تاجر برادری سے گزشتہ رات سے رابطے اور بات چیت ہوتی رہی ہفتہ کی صبح کئی گھنٹے مذاکرات کے بعد گھنٹہ گھر سانحہ پر تاجربرادری اور ورثاء کے تین مطالبات منظورکئے گئے جن میں واقعہ کی غیر جانبدارانہ شفاف انکوائری، جاں بحق وزخمی افراد کیلئے امدادی پیکیج اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کے مطالبات شامل تھے پیکج کے تحت جاں بحق دکانداروں کے ورثاء کو دس دس لاکھ جبکہ زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے کی مالی امداد دی جائے گی جرگے کی درخواست پر متاثرین اور تاجر انصاف فورم ملزمان کی فوری گرفتاری کے مطالبے سے دستبردار ہوگئے تاہم شفاف تحقیقات کے فوری بعد گرفتاریاں عمل میں لانے پر اتفاق ہو گیا اس موقع پر گھنٹہ گھر میں تاجر انصاف فورم کے مرکزی دفتر میں صدر شاہد خان، گھنٹہ گھر و چوک یادگار سمیت 60 بازاروں کے صدوراور جاں بحق و زخمی دکانداروں کے ورثاء کی موجودگی میں اتفاق رائے سے مطالبات کی منظوری عمل میں لائی گئی شاہد خان نے واضح کیا کہ ہم اپنے شہداء پر سیاست نہیں ہونے دینگے جی ٹی روڈ کو بلاک اور مظاہرہ کرنے والوں سے ہمارا یا متاثرین کا کوئی تعلق نہیں حقیقت یہ ہے کہ اس المناک واقعہ میں لوگ ہمارے فوت اور زخمی ہوئے، ایف آئی آر ہم نے درج کرائی مگر سیاست دوسرے کرنے لگے ہم سیاست نہیں انصاف چاہتے ہیں کل وزیراعلیٰ پرویز خٹک سے ملاقات میں ہم سیاست نہیں بلکہ متاثرین کی دادرسی اورتاجر برادری کے حقیقی حقوق اور مفادات کی بات کرینگے ادھر وزیراعلیٰ نے بھی شوکت یوسفزئی کی سربراہی میں جرگے کے تاجر برادری سے مذاکرات اور فیصلوں کا خیر مقدم کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ وہ کل متاثرین سے ملاقات کرکے انہیں اعتماد میں لینگے انہوں نے کہا کہ سانحہ گھنٹہ گھر ایک افسوسناک واقعہ ہے جس نے نہ صرف انہیں بلکہ پوری صوبائی کابینہ کو رنجیدہ بنا دیا ہے ہم نہ صرف اسکی تلافی اور متاثرین کی مکمل دادرسی کرینگے بلکہ آئندہ اسطرح کے معمولی سانحہ کی نوبت بھی نہیں آنے دینگے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہمارے کوئی ذاتی مفادات نہیں ہم پشاور کو ہر قسم کے مافیا سے نجات دلا کر گندگی اور بیماریوں سے پاک صاف ستھرا اور غریب پرور شہر بنانا چاہتے ہیں جس پر ہماری آئندہ نسلیں بھی فخر کرینگی مگر کسی غریب شہری کی جان لینا تو درکنار معمولی چوٹ بھی ہمیں گوارا نہیں انہوں نے واضح کیا کہ ہم ماضی کے مفاد پرست حکمرانوں اور سیاستدانوں کی طرح غریب عوام کے مفادات کو وقتی مصلحتوں، اپنی جیبیں بھرنے اور ذاتی مفادات کی بھینٹ نہیں چڑھنے دینگے جبکہ ہمارے اخلاص کی گواہی آئندہ کا وقت دیگا۔

متعلقہ عنوان :