دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے حکومت ،عوام پر عزم ہیں ، محمد یاور زمان،

وطن کو سماج دشمن عناصر سے پاک کرنے کیلئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائیگا، تعلیمی اداروں کی حفاظت کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی، وزیر آبپاشی پنجاب

ہفتہ 17 جنوری 2015 23:15

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) صوبائی وزیر آبپاشی میاں محمد یاور زما ن نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے حکومت اور عوام پر عزم ہیں وطن عزیز کو سماج دشمن عناصر سے پاک کرنے کے لئے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جائے گا تعلیمی اداروں کی حفاظت کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی اور طالب علموں کے حصول علم میں رکاوٹ بننے والے عناصر کو ہمیشہ ختم کیا جائے گا کسی بھی غیر متوقع صورتحال کی وجہ سے تدریسی نظام متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اوکاڑہ شہر کے مضافات اور دیہی علاقوں میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں میں طالب علموں اور تدریسی عملہ کی حفاظت کے لئے مقررہ معیار کے مطابق اٹھائے گئے اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر قیصر سلیم ،اے سی طاہر امین،ای ڈی او ایجوکیشن افتخار حسن بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے ۔میاں محمد یاور زمان نے سکولوں اور کالجز کے دورے کے دوران گیٹ پر انٹری رجسٹر،چار دیواری اور خار دار تار کی تنصیب ،بیرئیر ،ایمرجنسی الارم ،گارڈز اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں پولیس انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے رابطہ نمبرز کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کرنے اور ہنگامی راستوں کا جائزہ لیا ۔

انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں اس طرح حفاظتی اقدامات کئے جائیں کہ مطلوبہ ہدف بھی حاصل ہو جائے اور بچوں میں خوف پیدا نہ ہو ۔اس موقع پر ڈی سی او قیصر سلیم نے ضلع میں ایک ہزار577سرکاری تعلیمی اداروں اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں کے حفاظتی اقدامات کے متعلق بتایا۔

متعلقہ عنوان :