امن و امان کی فضا کو بر قرار رکھنے ،مسائل کے حل میں علماء نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ،قیصر سلیم ،

شر انگیز عناصر ہمیشہ چنگاری بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں ،جید علماء و مشائخ نے ہمیشہ فہم و فراست کا ثبوت دیا ہے ، ڈی سی او اوکاڑہ

ہفتہ 17 جنوری 2015 23:13

اوکاڑہ ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن آفیسر قیصر سلیم نے کہا ہے کہ امن و امان کی فضا کو بر قرار رکھنے اور مسائل کے حل میں علماء نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے شر انگیز عناصر ہمیشہ چنگاری بھڑکانے کی کوشش کرتے ہیں لیکن ہمارے جید علماء و مشائخ نے ہمیشہ فہم و فراست کا ثبوت دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے امن و امان کی صورت حال کا جائزہ لینے کے لئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

جس میں ڈی پی او کیپٹن(ر) فیصل رانا،اے سی طاہر امین،قانون نافذ کرنیو الے اداروں کے افسران اور نمائندہ ع لماء مشائخ نے شرکت کی ۔ڈی سی او قیصر سلیم نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنے درمیان غلط فہمی پیدا نہ ہونے دیں دہشت گردوں کا معاشرہ میں پناہ دینے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور ان کی نشان دہی کریں تاکہ اس ناسور کا خاتمہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

ڈی پی او فیصل رانا نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر کی صورت حال کو مزید بہتر بنانے کے لئے ضروری ہے کہ ہم زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے لائحہ عمل اختیار کریں انہوں نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے استعمال کے سلسلہ میں حکومت نے جو پالیسی وضع کی ہے اس پر سو فیصد عمل در آمد کو یقینی بنایا جائے گا مساجد و مدارس کی رجسٹریشن کرائی جائے انہوں نے علماء کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ شر انگیز اور اشتعال پھیلانے والے بیانات پر مقررین کا محاسبہ ہو گا وال چاکنگ،قابل اعتراض پمفلٹ اور کتب فروخت کرنے والوں سے بھی آہنی ہاتھوں نمٹا جائے گا اور کالعدم تنظیموں کے لئے چندہ اکٹھا کرنے والے اور کسی بھی قسم کے چندے کے لئے باکس رکھنے پر پابندی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گی اسلحہ کی نمائش مکمل طور پر ممنوع ہے اس موقع پر حاجی احسان الحق اور قاری عبد المنان نے علما ء کرام کی نمائندگی کرتے ہوئے امن و امان کے قیام کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا یا۔

متعلقہ عنوان :