نالج پارک لاہور میں جنوبی ایشیاء کا سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر بنایا جائیگا،وزیر اعلی پنجاب ،

پنجاب حکومت امراض جگر کے نادار مریضوں کے بیرون ملک علاج پرکروڑں روپے خرچ کررہی ہے ،ادارہ بننے سے یہ سہولت مقامی سطح پر حاصل ہوگی،منصوبے کی تکمیل سے گردے او رجگر کے امراض کے حوالے سے جدید طبی سہولتیں ایک ہی چھت تلے میسر آئیں گی،منصوبے کی تیز رفتاری سے تکمیل یقینی بنائی جائے، پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی، شہبازشریف کا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 17 جنوری 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر کے قیام کے منصوبے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی-وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نالج پارک لاہور میں جنوبی ایشیاء کا سٹیٹ آف دی آرٹ پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ و ریسرچ سینٹر بنایا جائیگا- منصوبہ صحت عامہ کے شعبہ میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا، گردے اور جگر کے امراض کے حوالے سے مریضوں کو ایک چھت تلے جدید ترین طبی سہولتیں میسر آئیں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 50 ایکڑ پر بننے والا یہ ادارہ 750بستروں پر مشتمل ہوگا- عالمی معیار کے ادارے میں بہترین ماحول میں معیاری طبی سہولیات دستیاب ہوں گی-ادارے کے لئے پروفیشنل سٹاف بھرتی کیا جائے گا جسے بیرون ملک سے تربیت دلائی جائے گی-ادارے میں دنیا کا بہترین لیور ٹرانسپلانٹ سینٹر بنے گا- انہوں نے کہاکہ منصوبے کی تیز رفتاری سے تکمیل یقینی بنائی جائے ،پنجاب حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی-منصوبے کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا-انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت امراض جگر میں مبتلا نادار مریضوں کے بیرون ملک علاج پر کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے-ادارے کے بننے سے جگر کے مریضوں کو مقامی سطح پر طبی سہولیات میسر آئیں گی- وزیراعلیٰ نے ادارے کیلئے رابطہ سٹرکیں جلدمکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق کی سربراہی میں سٹیرنگ کمیٹی منصوبے پر پیشرفت کا باقاعدگی سے جائزہ لے-کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر نے منصوبے پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ہسپتال میں مریضوں کی رہنمائی او ران کی نقل وحمل کے لئے بہترین نظام ہوگا-ادارے میں ریسرچ لیب ،کانفرنس سینٹر ، بہترین سکیورٹی سسٹم ، ویٹنگ ایریا میں لائبریری کا قیام اور دیدہ زیب ہارٹیکلچر ہوگا- 750بستروں کے ہسپتال کو 1500بستروں تک بڑھانے کی گنجائش ہوگی-انہوں نے کہاکہ منصوبے کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے-مشیر برائے صحت خواجہ سلمان رفیق، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت خواجہ عمران نذیر، ایم پی اے ڈاکٹر نادیہ عزیز، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، سیکرٹریز صحت، خزانہ، ہائیر ایجوکیشن، ڈی سی او لاہور، کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ کے بورڈ آف گورنرز کے صدر ڈاکٹر سعید اختر سمیت دیگر ممبران نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :