حکومت پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے،خواجہ ضرار کلیم

ہفتہ 17 جنوری 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چےئرمین خواجہ ضرار کلیم نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پٹرولیم مصنوعات کی سپلائی بحال کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائے کیونکہ ان کی قلت سے نہ صرف صنعتی و تجارتی سر گرمیوں کو بری طرح نقصان ہو رہا ہے بلکہ عام لوگ بھی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسے وقت میں جب عوام اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ اور گیس کی قلت سے دو چار ہے پٹرولیم مصنوعات کی شدید قلت عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کر رہی ہے،حکومت وقت نے عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان کو مسائل کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی عدم دستیابی کی وجہ سے صنعتیں پہلے ہی جزیٹر پر چل رہی ہے اور اب پٹرولیم مصنوعات کی قلت کی وجہ سے ان کو نا قابل تلافی نقصان ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پٹرول کی مصنوعی قلت کے باعث لوگوں کو شدید سردی میں کے موسم میں گھنٹوں قطاروں میں انتظار کرکے پٹرول حاصل کرنا پڑ رہا ہے وہ بھی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے نا کافی ہے۔ خواجہ ضرار کلیم نے کہا کہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ گیس کی مسلسل بندش کی وجہ سے کاورباری زندگی بری طرح سے متاثر ہو رہی ہے،پٹرولیم مصنوعات کی قلت نے پنجاب میں ٹرانسپورٹ کا پہیہ جام کر دیا ہے ۔

پنجاب تجارتی سرگرمیوں کا مرکز اور جی ڈی پی میں سب سے زیادہ حصے کا حامل ہے لیکن پٹرولیم مصنوعات کی قلت سب سے زیادہ اسی کو متاثر کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تیار مصنوعات اور خام مال کی آمدورفت معطل ہونے کی وجہ سے تاجربرادری کو اربوں کا نقصان ہو رہا ہے اور اس بحران کی وجہ سے ایک طرف تو روزانہ اجرت پر کام کرنے والے مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں اور دوسری طرف زرعی شعبہ بھی بری طرح متاثر ہوا ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت فوری عملی اقدامات کرکے پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کو یقینی بنائیں تاکہ عوام کی مشکلات کم ہو سکیں۔