خُدا کے فضل سے دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے تمام ادارے پوری طرح چوکس ہیں، محمد عثمان،

ضلع بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال ،سرکاری دفاتر کی حفاظت کا فرض ہر قیمت پر ادا کیا جائیگا،ڈی سی او حافظ آباد

ہفتہ 17 جنوری 2015 22:41

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جنوری 2015ء)ڈسٹرکٹ کوارڈنیشن آفیسر حافظ آباد محمد عثمان نے کہا ہے کہ خُدا کے فضل و کرم سے دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے تمام ادارے پوری طرح چوکس ہیں اور ضلع بھر میں فول پروف سیکورٹی انتظامات کو یقینی بناتے ہوئے عوام کے جان و مال ،سرکاری دفاتر کی حفاظت کا فرض ہر قیمت پر ادا کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا سر کچلنے کے لیے ضلعی انتظامیہ،پولیس کے ساتھ پاکستان آرمی بھی اپنی ذمہ داری ادا کرے گی اور اس حوالے سے ٹھوس اور مربوط حکمت عملی کے تحت تمام ممکنہ وسائل اور اقدامات کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار ضلع کی سیکورٹی کے حوالہ سے منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ڈی پی او شاکر حسین داوڑ ،آرمی افسران،اے ڈی سی نعمان حفیظ،اے سی عمر فاروق وڑائچ اور تمام متعلقہ محکموں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسران اجلاس میں شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع کے تمام داخلی ،خارجی،راستوں ،حساس سرکاری دفاتر،تنصیات،عبادت گاہوں ،تعلیمی اداروں اور عوامی مقامات کی سیکورٹی کے حوالہ سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔ڈی سی او،ڈی پی او اور آرمی افسران نے اجلا س کے شرکاء کو ضلع کے سیکورٹی پلان اور محکموں کی ذمہ داریوں کے حوالہ سے تفصیلی آگاہی فراہم کرتے ہوے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہم سب نے مل کر جیتنا ہوگی اور اس کے لیے ہمیں کسی بھی قربانی کے لیے تیار ہونا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ متعلقہ اداروں کی بنیادی ذمہ داری ہے جس کی ادائیگی کے لیے تمام اداروں کو مل کر حکمت عملی کے ساتھ کام کرنا پڑے گا۔اجلاس میں خفیہ اداروں کی جانب سے بروقت حساس معلومات اور اطلاعات کی ضرورت کو اُجاگر کرتے ہوئے طے پایا کہ مشترکہ کوئیک رسپانس ٹیمیں تشکیل دی جائیں گی جو کسی بھی مصدقہ اطلاع پر فوری کاروائی عمل میں لائیں گی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پراپرٹی ڈیلروں اور مالکان کو پابند بنایا جائے کہ وہ جائیداد کی خریدو فروخت اور کرایہ داروں کے حوالہ سے فوری اطلاع متعلقہ تھانہ میں دیں جبکہ ضلع کے تمام داخلی،خارجی راستوں کی موئثر ناکہ بندی اور اشخاص/گاڑیوں کی پراپر چیکنگ کے نظام کو بھی مزید فول پروف اور مربوط بنایا جائے تاکہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی بیخ کنی کی جا سکے۔