پٹرول بحران ، وزیر اعظم نے 6 دن بعد نوٹس لے لیا ، 4 افسران معطل

ہفتہ 17 جنوری 2015 19:08

پٹرول بحران ، وزیر اعظم نے 6 دن بعد نوٹس لے لیا ، 4 افسران معطل

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17جنوری۔2015ء)ملک میں جاری پٹرول بحران پر وزیر اعظم نواز شریف نے 6 دن بعد نوٹس لے لیا جس کے بعد انہوں نے اس بحران کے ذمہ دار 4 افسران کی معطلی کے احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ملک میں گزشتہ 6 دنوں پٹرول بحران جاری ہے جس پر ملک کے وزیر اعظم نواز شریف نے دورہ سعودی عرب سے واپسی پر ہنگامی اجلاس لاہور ائیر پورٹ پر طلب کر لیا۔

اس اجلاس میں وزیر اعظم نے بحران کے ذمہ دار 4 افسران کی معطلی کے احکامات جاری کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

معطل ہونے والے افسران میں سیکرٹری پٹرولیم عابد سعید ، ایڈیشن سیکرٹری محمد نعیم ملک ، ایم ڈی پی ایس او احمد جنجوعہ اور ڈی جی آئل محمد اعظم شامل ہیں۔وزیر اعظم نے اس اجلاس میں صوبائی حکومتوں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبائی حکومتیں پٹرول کی بلیک فروخت کی روک تھام کے لیے اقدامات کریں اور پٹرول کی بلیک مارکیٹنگ روکنے میں کردار ادا کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے پٹرول کی رسد اور فراہمی کو تیز کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں ۔واضح رہے پٹرول بحران کے بعد ملک میں بجلی بحران پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے ۔کیونکہ ملک کے بیشتر بجلی گھر فرنس آئل پر چل رہے ہیں اور اگر ان کے پاس ذخیرہ ختم ہو گیا تو ملک میں بجلی کا بڑا بحران پیدا ہو جائے گا۔