حکومت آر پی پی ایس اور ایس پی پیز سے بجلی خرید کر صنعتوں کو فراہم کر سکتی ہے،ایف پی سی سی آئی

جمعہ 16 جنوری 2015 23:26

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) ملک میں بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے قلیل اقدامات کے تحت حکومت عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھا تے ہوئے آر پی پی ایس اور ایس پی پیز سے بجلی خرید کر صنعتوں کو فراہم کر سکتی ہے ۔ تاکہ وہ اپنی پوری پیداواری صلاحیت سے چل سکیں ۔ یہ بات ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں محمد ادریس نے کہی۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے چند سالوں سے پاکستان کو توانائی کے شدید ترین بحران کا سامنا ہے اور موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 8تا 12گھنٹہ تک ہوتی ہے جس کی وجہ سے پورے ملک کی صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہوتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کا بحران ملک کی معاشی ترقی کی رفتار پر منفی اثرات مرتب کرتا ہے ۔ بلا تعطل بجلی کی مستقل فراہمی نہ صرف ملکی معاشی ترقی میں بنیادی اہمیت رکھتی ہے بلکہ عوام کے طرز زندگی سے بھی اس کا گہرا تعلق ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود وسائل کی دستیابی اور استعمال کے بارے میں سیاسی اختلافات کے علاوہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی کمی ۔ امن و امان کی صورتحال اور کمزور معیشت کی وجوہات انرجی سیکٹر کی ترقی میں رکاوٹ کا باعث ہیں ۔صدر ایف پی سی سی آئی نے مزید کہا کہ ملک میں موجود کوئلہ کے ذخائر کے استعمال کے بارے میں عملی طور پر ٹھوس اقدامات اور بجلی پیدا کرنے کے لئے انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لئے ہی دو سے تین سال لگ جائیں گے ۔

جو کہ بجلی کی کمی کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی صورت قلیل المدتی حل نہیں ہے ۔ یہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ پچھلے چند ماہ میں آئل کی قیمتوں میں بے پناہ کمی آئی ہے اور فرنس آئل کی کم قیمتوں کی وجہ سے بجلی کی پیداوار کی قیمت Rs.11/KHh پر آئے گی ۔ انہوں نے کہا حکومت آئل کی قیمتوں میں کمی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے ملک سے لوڈشیڈنگ ختم کرنے لئے ناکارہ RFO پلانٹس سے بجلی کی پیداوار حاصل کر کے صنعتوں کو فراہم کر سکتی ہے ۔

یہ وہ پلانٹس ہیں جن پر بھاری زر مبادلہ خرچ کیا گیا لیکن فائدہ نہیں اٹھایا جا سکا ۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ قلیل المدتی اقدامات کے طور پر آئل کی قیمتوں میں کمی کو مد نظر رکھتے ہوئے RPPs/SPPs سے بجلی خریدے اور صنعتوں میں بجلی کی کمی کو پورا کریں تاکہ وہ اپنی پوری پیداواری صلاحیت کے مطابق چل سکیں ۔

متعلقہ عنوان :