راولپنڈی،گستاخانہ خاکوں کے خلاف یوم احتجاج منایا گیا ،جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں،

مغرب پھیلتے ہوئے اسلام سے خوفزدہ ہے، فرانس کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر اور سفارتخانے کو بند کیا جائے،او آ ئی سی غفلت سے بیدار ہو کر اپنا کردار ادا کرے،مسلمان اپنے پیغمبر ﷺ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی ہر گز برداشت نہیں کر سکتے،مظاہرین

جمعہ 16 جنوری 2015 23:20

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کی اپیل پرفرانس میں حضور نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کے خلاف گزشتہ روزیوم احتجاج منایا گیا ۔ ملک بھر کے تمام بڑے بڑے شہروں میں جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کیے گئے۔یوم احتجاج کے سلسلے میں بعد نماز جمعہ موتی مسجد لیاقت روڈ راولپنڈی سے فوارہ چوک راجہ بازار تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت جماعت اسلا می کے قائدین نے کی جبکہ فوارہ چوک میں زبر دست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرین نے بینرز اور کتبے اُٹھا رکھے تھے۔جن پر فرانس کے ایک اخبار میں حضور نبی کریم ﷺکی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کی شدید مذمت کی گئی تھی ۔پُر جوش مظاہرین زبردست نعرہ بازی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

رہبر و رہنما  مصطفی ﷺ مصطفی ﷺ غلامی رسول ﷺمیں موت بھی قبول ہے۔جو ہو نہ عشق مصطفے ﷺ  تو زندگی فضول ہے۔فرانس میڈیا  مردہ باد ۔ فوارہ چوک پہنچ کر یہ ریلی ایک بڑے مظاہرے کی شکل اختیار کر گئی۔

اس دوران مسلم سٹودنٹس آرگنائزیشن کا ایک جلوس فوارہ چوک پہنچا تو جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اُن کو اپنے سٹیج پرآ کراکٹھے احتجاج کرنے کی دعوت دی جسے ایم ایس او کے رہنماؤں نے قبول کر تے ہوئے تمام مظاہرین سمیت جماعت اسلامی کے مظاہرے میں شرکت کی۔اس احتجاجی مظاہرے سے امیر جما عت اسلامی ضلع راو لپنڈ ی شمس الرحمان سواتی  جنرل سیکرٹری راجہ محمد جواد امیر پی پی 9 رضوان احمد امیر پی پی 11 محمدعثمان آکاش  امیر پی پی 13 سید عزیر حامد  سابق ایم پی اے حنیف چوہدری سابق ناظم یو سی 20 سید ارشد فاروق  مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی کے صدر شاہد غفور پراچہ  شباب ملی کے صدر ضیا اللہ چوہان  جمعیت اتحاد العلماء کے مولانا خالد عمران خالداور ریلوے پریم یونین کے صدر ڈاکٹر اشتیا ق عرفان سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی اظہار خیال کیا۔

مقررین نے فرانس کے اخبار کی طرف سے شان رسالت ﷺ میں گستاخی کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یورپ والوں کے دوہرے معیار ہیں سرکوزی کی بیوی کی فحش تصاویر چھاپنے پر تو صحافی کو ملازمت سے برخاست کردیا گیا اور پھر اُ س نے معافی بھی مانگ لی  مگر جب معاملہ نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ خاکوں کا آتا ہے تو اسے آزادی رائے سے تعبیر کیا جاتا ہے۔

یہ کُھلی منافقت اور اسلام دشمنی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام امریکا اور یورپ میں تیزی سے پھیلنے والا مذہب ہے۔یہی وجہ ہے کہ وہاں کے حکمران اور دانشور اسلام فوبیا کا شکار ہو رہے ہیں۔مغرب پھیلتے ہوئے اسلام سے خوفزدہ ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نواز شریف ترکی کے طیب اردگان اور سعودی عرب کے شاہ عبداللہ آگے آئیں اور امت مسلمہ کی قیادت کریں۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ فرانس کے سفیر کو فوری طور پر ملک بدر اور سفارتخانے کو بند کیا جائے۔ مسلم حکمرانوں کی سربرائی کانفرنس طلب کر کے مشترکہ لائحہ عمل طے کیا جائے۔ او آ ئی سی غفلت سے بیدار ہو کر اپنا کردار ادا کرے۔مغرب پر واضح کر دیا جائے کہ مسلمان اپنے پیغمبر ﷺ کی شان میں کسی قسم کی گستاخی ہر گز برداشت نہیں کر سکتے۔

متعلقہ عنوان :