صوبے کی عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے کیونکہ حکومت وقت پر پٹرول کی درآمد کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے‘منظور احمد وٹو،

لوگ پٹرول سستا ہونے کی وجہ سے زیادہ استعمال کر رہے ہیں اس لئے سپلائی سنگین حد تک کم ہوگئی ہے‘صدر پیپلز پارٹی پنجاب

جمعہ 16 جنوری 2015 22:42

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے موجودہ حکومت کو پٹرول کی عدم دستیابی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کی وجہ سے صوبے کی عام زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے کیونکہ حکومت وقت پر پٹرول کی درآمد کو یقینی بنانے میں ناکام رہی ہے، اس مجرمانہ غفلت پر افسران اور انکے سیاسی آقاؤں کو ذمہ دار ٹھہرانے کے علاوہ انکے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پٹرول کی عدم دستیابی کے دنوں کے دوران صوبہ پنجاب کی معیشت کو بڑا نقصان ہونے کے علاوہ صوبے کے تقریباً 10کروڑ عوام کو حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے تکالیف برداشت کرنا پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنے دفاتر اور کام کرنے والی جگہوں پر نہیں پہنچ سکیں گے اور سب سے بڑھ کر بعض قیمتی جانیں صرف اس لیے ضائع ہو جائیں گی کہ ایمبولینس پٹرول نہ ہونے کی وجہ سے مریضوں کو ہسپتالوں میں شفٹ نہیں کر سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ ذمہ دار حکومتیں پٹرول کا سٹرٹیجک ریزروز(Strategic reserves)رکھتی ہیں لیکن ایسا معلوم ہوتا ہے کہ اس حکومت نے پٹرول کی سپلائی کے ملکی سکیورٹی کے تقاضوں کو بھی نظرانداز کیا ہے۔ لوگ حیران ہیں کہ اتنی غیر ذمہ دار حکومت دہشتگردی اور انتہاء پسندی کا کیسے مقابلہ کریگی۔ انہوں نے حکومت کی سرزنش کرتے ہوئے اس وضاحت کو مضحکہ خیز قرار دیا جسمیں کہا گیا ہے کہ لوگ پٹرول سستا ہونے کی وجہ سے اسے زیادہ استعمال کر رہے ہیں اس لیے اس کی سپلائی سنگین حد تک کم ہوگئی ہے۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت کی اس مجرمانہ غفلت کو ہر پلیٹ فارم پر ایکسپوز کرے گی تا کہ صوبے کے عوام کو دوبارہ ایسی پریشان کن حالت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :