اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی فرانس میں توہین آمیز خانوں پر مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے‘اعجاز چوہدری ،

اسلام دشمن قوتوں کی یہ گہری سازش ہے امتِ مسلمہ متحد ہو کر ان ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں ‘صدرتحریک انصاف پنجاب

جمعہ 16 جنوری 2015 22:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء ) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاہے کہ اسلامی ممالک کے حکمرانوں کی فرانس میں توہین آمیز خانوں پر مجرمانہ خاموشی لمحہ فکریہ ہے ، اسلام دشمن قوتوں کی یہ گہری سازش ہے امتِ مسلمہ متحد ہو کر ان ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیں ،انہوں نے کہاکہ آزادی اظہار کی آڑ میں کسی صورت میں بھی اپنے نبی پاک ﷺ کی توہین برداشت نہیں کریں گے،حکومت فوری طورپر اس معاملے کو او آئی سی میں اٹھائے ،عالمی برادری کو اس گستاخی کو جرم قرار دینا چاہئے۔

انہوں نے کہاکہ توہین آمیز خاکوں سے دنیا میں ڈیڑھ ارب مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ فرانس کی حکومت گستاخی رسول میں ملوث افراد کو سخت سزا دے ، مسلمان حرمت رسول پر اپنی جان بھی قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتی ہے ، سانحہ پشاور کے شہداء کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے لواحقین کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں۔

دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا، دہشت گرد کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔تحریک انصاف پشاور کے شہداء کو زبردست خراج عقید ت پیش کرتی ہے اور پشاور شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، وہ پارٹی آفس میں مختلف اضلاع سے آئے ہوئے پارٹی وفود سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے مزید کہاکہ موجودہ حکمرانوں نے غریب عوام سے سب کچھ چھین لیا ہے ،پٹرول ، بجلی ، گیس عدم فراہمی سے سخت پریشان ہیں ، حکمران سو رہے ہیں اورصوبے بھر میں عوام خوار ہو رہے ہیں ۔

موجودہ حکومت عوام پر کسی عذاب سے کم ثابت نہیں ہوئی۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) لیگ کی حکومت سے عوام سخت تنگ آ چکے ہیں ، پٹرول کی عدم فراہمی کی وجہ سے غریب عوام دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔انتظامیہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ، پٹرول ، گیس اور بجلی کو سرکس کا شیر کھا گیا ہے ، حکومت پٹرول بحران پرقابوپانے میں مکمل طورپر ناکام ہو چکی ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عاطف الدین ، ثوبیہ کمال، عالیہ حمزہ ملک ، ندیم نثار ، ڈاکٹر ذکاء سمیت دیگر عہدیداران موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :