ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان تجارت و برآمدات کو فروغ دینے میں تاجر برادری کے ساتھ تعاون کرے،مزمل صابری،

بیرون ممالک میں قائم پاکستانی مشن کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کی ضرورت ہے ،صدر اسلام آباد چیمبر

جمعہ 16 جنوری 2015 22:36

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسلام آباد کے ڈائریکٹر ایم خالد رسول نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیااور اپنے ادارے کو مزید فعال بنانے کے کیلئے تاجر برادری سے مشاورت کی تا کہ مذکورہ ادارہ مذید بہتر طور پر ملک کی تجارت اور برآمدات کو فروغ دے سکے۔

انہوں نے کہا کہ تاجر برادری مقامی معیشت کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور ٹریڈ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان اسلام آباد مقامی علاقے کی برآمدات کو فروغ دینے کے لئے نئی پالیساں مرتب کرنے پر کام کر رہی ہے لہذا تاجر برادری کو چائیے کہ وہ اس سلسلے میں اپنی تجاویز پیش کریں تا کہ مشترکہ کوششوں سے پاکستان کی تجارت و برآمدات کو بہتر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے حصول کیلئے بہت سے نئے پروگرامز پر کام ہو رہا ہے اور یقین دلایا کہ ان تمام پروگراموں کو تاجر بردری کی مشاوت سے نافذ العمل بنایا جائے گاتاکہ معیشت کے لئے بہتر نتائج برآمد ہو سکیں۔اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر مزمل حسین صابری ، سنیئر نائب صدر محمد شکیل منیر اور نائب صدر محمد اشفاق چٹھہ نے کہا کہ اسلام آباد میں متعدد مصنوعات کو برآمد کرنے کے عمدہ مواقع موجود ہیں جن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، لائٹ انجینئرنگ ، ادویات، ماربل اور سٹیل کی مصنوعات نمایاں ہیں لیکن ٹی ڈی اے پی بیرون ممالک وفود بھیجتے وقت اس علاقے کے بزنس مینوں کو نظر انداز کر دیتی ہے لہٰذا انہوں نے ٹی ڈی اے پی پر زور دیا کہ بیرون ممالک تجارتی وفود میں اسلام آباد کی مناسب نمائندگی کو یقینی بنایا جائے تاکہ اس علاقے کی تجارت اور برآمدات کو فرو غ دیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی کو چائیے کہ وہ بیرون ممالک مقامی مصنوعات کی نمائشوں کے انعقاد میں تاجروں کی مدد کرے اور انہیں مناسب قیمت پر بیرون ممالک ویئر ہاؤسز کی سہولت بھی فراہم کرے تاکہ مقامی مصنوعات کو عالمی مارکیٹ میں متعارف کریا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں قائم پاکستانی مشن کی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کی ضرورت ہے اور انہیں چائیے کہ بیرون ملک دورہ کرنے والے پاکستان تجارتی وفود کو تازہ تجارتی معلومات فراہم کر سکیں۔

اس کے علاوہ ان مشن کو چائیے کہ وہ بیرون ممالک کی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات کی مانگ کی بھی نشاندہی کریں اور چیمبرز آ ف کامرس کے ساتھ ایسی معلومات کا تبادلہ کریں تاکہ ملکی برآمدات میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ڈی اے پی پاکستان کے تجارتی وفود کو باہر کے دورے پر بھیجنے سے پہلے انہیں دورے کے تمام پہلوؤں کے بارے میں اچھی طرح بریف کرے تا کہ ان تجارتی وفود کے باہر کا دورہ کرنے کے دوران کوئی مشکلات پیش نہ آئیں۔ دونوں اداروں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ تاجر برادری کی استعداد کار کو بہتر بنانے کیلئے مشترکہ پروگرام منعقد کریں گے اور تجارت سے متعلق قوانین کے بارے میں نزنس کمیونٹی میں بہتر آگاہی پیدا کرنے کیلئے مل کو سمینارز کا انعقاد کیا کریں گے۔