آرمی پبلک سکول پشاور کے شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے سول سوسائٹی کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ ،شمعیں روشن کی گئیں ،

خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے بنائی گئی ہیں ، ہم دہشت گردوں سے اپنا چھینا ہوا پاکستان ہر صورت واپس لیں گے ، وزیر اطلاعات ، پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کیلئے کسی میں کوئی تقسیم نہیں،سب ایک پیج پر ہیں ،پرویز رشید کا خطاب

جمعہ 16 جنوری 2015 22:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔16جنوری۔2015ء) آرمی پبلک اسکول پشاور کے شہدا سے اظہار یکجہتی کیلئے سول سوسائٹی کی جانب سے پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور شمعیں روشن کی گئیں  مظاہرین نے 144سے زائد علامتی تابوت اٹھا رکھے تھے جبکہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کیلئے بنائی گئی ہیں  ہم دہشت گردوں سے اپنا چھینا ہوا پاکستان ہر صورت واپس لیں گے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے کسی میں کوئی تقسیم نہیں  سب ایک پیج پر ہیں ۔

جمعہ کو سول سوسائٹی کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں ” تمھیں نہیں بھولیں گے” کے عنوان سے شہدا پشاورسیاظہار یکجہتی کے لئے ریلیاں نکالی گئیں ، اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے نکالی جانے والی ریلی میں وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید، پیپلزپارٹی کی رہنما شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

شرکا نے پارلیمنٹ ہاوٴس کے سامنے شہدا کی یاد میں شمعیں روشن کیں جبکہ اس موقع پر طلبا نے آرمی پبلک اسکول پشاور پر بنایا گیا ملی نغمہ بھی پڑھا مظاہرین نے 144سے زائد علامتی تابوت اٹھا رکھے تھے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہاکہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے بنائی گئی ہیں اور ہم دہشت گردوں سے اپنا چھینا ہوا پاکستان ہر صورت واپس لیں گے۔

پرویز رشید نے کہا کہ آج پاکستان کی پارلیمنٹ وہی آواز بلند کر رہی ہے جو پاکستان کے عوام کی دلوں کی آواز ہے، آج پاکستان کی صحافت وہی کہہ رہی ہے جو عوام کے دلوں کی آواز ہے، آج حکومت اسی جانب قدم بڑھا رہی جس طرف قدم بڑھتے ہوئے عوام دیکھا چاہتے ہیں، آج ملک کی عدلیہ، حکومت، پارلیمنٹ اور صحافت ایک صفحے پر ہیں اور پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لئے کسی میں کوئی تقسیم نہیں۔

پرویز رشید نے کہاکہ خصوصی عدالتیں دہشت گردی کے خاتمے اور جمہوریت کے استحکام کے لئے بنائی گئی ہیں، جس شخص کو جیل کے پیچھے ہونا چاہئے اسے جیل جانے سے کوئی نہیں روک سکتا، ہم نے دہشت گردی کے خلاف عہد آج نہیں کیا اور ہماری دہشت گردی کے خلاف جنگ آج سے جاری نہیں بلکہ ہم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز اس دن سے کردیا تھا جب پاکستان کو دہشت گردی کا مرکز بنانے کے لئے جمہوریت کا تختہ الٹا جاتا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قوم دہشت گردوں کے خلاف متحد ہے، جب اپنا چھینا ہوا پاکستان واپس لیں گے اور دہشت گردوں کو ملک کے کسی حصے میں جائے پناہ نہیں دی جائے گی۔