کوئٹہ ،لائیو اسٹاک پیپلز ورکرز یونین بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس ،نین کی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

جمعرات 15 جنوری 2015 23:28

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) لائیو اسٹاک پیپلز ورکرز یونین (سی بی اے) بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس زیر صدارت حاجی عصمت اللہ منعقد ہوا اجلاس کے مہمان خصوصی پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان کے صدر محمد رمضان اچکزئی تھے جبکہ اجلاس میں جنرل سیکریٹری عبدالمالک مری، سینئر نائب صدر جانان کاکڑ،نائب صدر اول منظور احمد، نائب صدر دوئم آدم خان، جوائنٹ سیکرٹری مصطفی بابر،آفس سیکریٹری سید نجیب اللہ آغا،پریس سیکریٹری شاہ جہان بڑیچ ،فنانس سیکریٹری سید سمیع آغاسمیت التاز حسین، علی نواز بلوچ، امان اللہ بلوچ اور دیگرنے شرکت کیں اجلاس میں یونین کی گزشتہ کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور اس بات کو سختی سے نوٹ کیا گیا کہ مقدمہ بازی کی وجہ سے یونین کی کارکردگی گزشتہ 10 مہینے تک متاثر رہی ہے اور اب تک رجسٹرار ٹریڈ یونینز بلوچستان کی طرف سے عہدیداروں کی منظوری نہیں ہوئی ہے جس کی وجہ سے یونین کے اکاؤنٹ کو کھولنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اس بات پر بھی اتفاق ہوا کہ لائیو اسٹاک کے محکمے کے آفیسران مزدوروں کے مسائل حل کرنے میں ناکام رہے ہیں بلکہ ان کی خواہش ہے کہ سی بی اے یونین کو اندرونی طور پر تقسیم کرکے اپنے مفادات کا تحفظ کیا جائے۔ اجلاس نے اس بات پر کو خوش آئند قرار دیا کہ صوبائی مشیر لائیو اسٹاک جناب عبید اللہ بابت جمہوری طرز کے رہنما اور مزدور دوست پالیسی رکھتے ہیں اور انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ وہ محکمے کے مزدوروں کے مسائل جس میں لائیو اسٹاک اسسٹنٹ کی سروس رولز کا مسئلہ درپیش ہیں اس کو حل کریں گے۔

اجلاس نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ اس وقت کوئٹہ سمیت پورے صوبے میں لائیو اسٹاک کی زمینوں پر بااثر افراد نے قبضہ کیا ہے اور کروڑوں روپے کی زمینوں پر قبضہ چھڑانا محکمے کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ محکمہ لائیو اسٹاک مال داری کے فروغ ، دودھ دینے والے جانوروں کی افزائش میں اضافے، پولٹری فارمز کے ذریعے صوبے میں مرغی کے گوشت اور انڈوں کے اضافے کیلئے بھی کام کریں گے۔

اجلاس میں محکمہ لائیو اسٹاک کے مشیر سے مطالبہ کیا ہے کہ محکمے کے انتظامی اخراجات زیادہ اور آمدن کم ہے تمام ڈیری فارمز اور پولٹری فارمز کو منافع بخش بنانے کیلئے اقدامات کئے جائیں اور ان اخراجات پر بھی کھڑی نظر رکھی جائے جو پولٹری فارمز اور ڈیری فارمز پر کئے جاتے ہیں۔ اس وقت حالت یہ ہے کہ جانوروں کے چارے اور پولٹری کی خوراک میں کمی سے جانوروں کی صحت اور افزائش میں کمی ہو رہی ہے اجلاس میں عہدی کیا گیا کہ 2015 کے سال میں یونین کے باقاعدہ سے اجلاس منعقد کرنے اور فیصلوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا اور مزدوروں نے جو توقعات یونین کی نئی قیادت سے کی ہے اس پر پورا اترنے کی کوشش کی جائے گی۔

اجلاس نے محمد یعقوب فیلڈ اسسٹنٹ جو یونین کا ضلع نصیر آباد کا صدر ہے ان کے تبادلے کی فوری منسوخی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ادارے کے ملازمین کے تبادلے سیاسی ایماء پر کئے جانے کی بھرپور مذاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں پاکستان ورکرز فیڈریشن بلوچستان اور پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان کے جھنڈے تلے صوبہ بھر کے محنت کشوں کے ساتھ مل کر مزدوروں کے حقوق کی حصولیابی کیلئے جدوجہد کرنے کا بھی عہد کیا گیا ۔

اس موقع پر پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان کے صدر محمد رمضان اچکزئی نے یونین کی قیادت کے دانشمندانہ فیصلوں پر ان کو مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان ورکرز کنفیڈریشن بلوچستان لائیو اسٹاک کے محنت کشوں کے شانہ بشانہ ان کے جدوجہد میں شامل رہے گی ۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ اس وقت پورے ملک اور صوبے میں مزدوروں کے حقوق سے حکمران طبقہ گریزاں ہیں اور ہمیں اپنے حقوق کے حصول کیلئے مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی انہوں نے یونین کی سرپرستی اور رہنمائی کیلئے کنفیڈریشن کی طرف سے بھرپور یقین دہانی کرائی۔