وزیراعلیٰ شہبازشریف سے شعبہ توانائی کے جرمن ماہرین کی ملاقات ، تعاون کے امکانات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال،

توانائی کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے شارٹ ، میڈیم او رلانگ ٹرم حکمت عملی اپنائی گئی ہے ‘شہبازشریف، سرمایہ کار ی کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے، ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں، جرمنی کو توانائی کے شعبے میں مہارت حاصل ہے ،جرمن ٹیکنالوجی اور تجربے سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں‘وزیراعلیٰ پنجاب

جمعرات 15 جنوری 2015 23:28

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے آج یہاں توانائی کے شعبے کی معروف جرمن کمپنی لہے مائرانٹرنیشنل کے ماہرین نے ملاقات کی۔ جس میں توانائی کے شعبہ میں تعاون کے امکانات کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو درپیش توانائی کے بحران نے معیشت سمیت زندگی کے تمام شعبوں کو متاثر کیاہے- توانائی بحران کا خاتمہ کر کے ہی تیز رفتار معاشی و صنعتی ترقی کا ہدف حاصل کیا جاسکتا ہے- حکومت توانائی بحران کے جلد خاتمے کیلئے ہر ضروری قدم اٹھا رہی ہے- توانائی کی کمی کے مسئلے پر قابو پا نے کیلئے سنجیدگی اور تیز رفتاری سے آگے بڑھ رہے ہیں- توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے شارٹ ، میڈیم اور لانگ ٹرم حکمت عملی اپنائی گئی ہے- حکومت روایتی ذرائع کے ساتھ ساتھ متبادل اور سستے ذرائع سے بجلی کے حصول پر توجہ دے رہی ہے- سولر، ہائیڈرو، کوئلے، بائیوگیس، بائیوماس اور دیگر ذرائع سے توانائی کے حصول کے منصوبوں پر کام کر رہے ہیں- انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیر ملکی کمپنیوں کو توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے خصوصی مراعات دی جا رہی ہیں- سرمایہ کار ی کیلئے سازگار ماحول پیدا کیا گیا ہے-پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کارکمپنیوں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں-انہوں نے کہاکہ قائد اعظم سولر پا رک بہاولپور میں 100میگا واٹ کاسولر منصوبہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے-پنجاب حکومت100میگاواٹ کا سولر منصوبہ اپنے وسائل سے لگارہی ہے جسے انتہائی تیزرفتاری اورشفافیت سے مکمل کیا جارہا ہے اوربہت جلد پاکستان میں اپنے نوعیت کے اس منفرد اورپہلے منصوبے کا افتتاح ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جرمنی کو توانائی کے شعبے میں بڑی مہارت حاصل ہے اورہم جرمن ٹیکنالوجی اور تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں- ملاقات کرنیوالوں میں نیپو میزان ہائیڈرو الیکٹرانک پراجیکٹ لہے مائر انٹرنیشنل کے پراجیکٹ ڈائریکٹر رولف ورنر ویگینڈ ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ہائیڈرو پاور ڈویژن برناڈ میزگراور پاکستان اور افغانستان میں کنٹری ہیڈ فاروق خان شامل تھے-ایڈیشنل چیف سیکرٹری توانائی اور چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی عارف سعید بھی اس موقع پر موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :