دوست ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے نمائندوں کا شمالی وزیرستان کا دورہ،

آپریشنل کمانڈر کی جانب سے واگزار کرائے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے، برآمدشدہ اسلحہ ، گولہ بارود، خود کش بمباروں کے تربیتی مراکز دکھائے گئے، وفد کی جانب سے دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم اور فوج کی کوششوں اور عزم کی تعریف ، خطے میں امن کیلئے شہداء کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا

جمعرات 15 جنوری 2015 23:26

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) شمالی وزیرستان کا دورہ کرنے والے دوست ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے ذیلی اداروں کے نمائندوں نے دہشتگردی کیخلاف پاکستانی قوم اور فوج کی کوششوں اور عزم کو سراہتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو بھر پور خراج عقیدت پیش کیا ہے آپریشنل کمانڈر کی جانب سے وفد کو واگزار کرائے گئے دہشتگردوں کے ٹھکانے برآمد کیا گیا اسلحہ ، گولہ بارود، خود کش بمباروں کے تربیتی مراکز دکھائے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق دوست ممالک کے سفیروں اور اقوام متحدہ کے اداروں کے نمائندوں کے ایک وفد نے جمعرات کو شمالی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا ۔ وفاقی وزیر ریاستیں و سرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبد القادر بلوچ ، وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز اور کور کمانڈر 11 کور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان بھی انکے ہمراہ تھے ۔

(جاری ہے)

وفد میں شامل شخصیات کو آپریشن ضرب عضب اور آپریشن کے دوران حاصل کی گئی بے مثال کامیابی سے متعلق آپریشنل کمانڈر کی جانب سے بریفنگ دی گئی ۔ وفد کو دہشتگردوں کے تباہ شدہ اور سیکیورٹی فورسز کی جانب سے واگزار کرائے گئے ٹھکانوں ، بارودی سرنگیں بنانے کی فیکٹریوں ، سرنگوں ، خود کش بمباروں کے تربیتی مراکزکا دورہ کرایا گیا اور برآمدکیا گیا اسلحہ و گولہ بارود دکھایا گیا ۔

وفد نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستانی قوم اور فوج کی کوششوں اور عزم کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے قیام کیلئے شہداء کی قربانیوں کو بھر پور خراج عقیدتپیش کیا ۔ وفد میں افغانستان ، ہالینڈ کے سفیر ، آسٹریلیا کے ہائی کمشنر، ارجنٹائن امریکہ اور جرمنی کے ناظم الامور،یو این ڈی پی ،یو این ، یو این ایچ سی آر ، یو این مشن اور ورلڈ فوڈ پروگرام کے نمائندے شامل تھے ۔