سنی اتحاد کونسل گستاخانہ خاکوں کیخلاف (آج )ملک گیر یوم احتجاج منائیگی ،

جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قرارداد یں منظور کی جائیں گی، مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائینگے

جمعرات 15 جنوری 2015 23:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء ) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ محمد حامد رضا نے اعلان کیا ہے کہ فرانسیسی رسالے میں گستاخانہ خاکوں کی دوبارہ اشاعت کے خلاف سنی اتحاد کونسل آج برو ز ( جمعہ ) کو یوم احتجاج منائے گی ۔اس سلسلہ میں جمعہ کے اجتماعات میں مذمتی قرارداد یں منظور کی جائیں گی اور علمائے اہلسنّت ناموس رسالت ﷺ کے موضوع پر خطبات جمعہ دیں گے اور مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے برطانیہ سے سنی اتحاد کونسل پنجاب کے جنرل سیکرٹری مفتی محمد سعید رضوی سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ گستاخانہ خاکوں کی اشاعت آزادی اظہار نہیں دہشت گردی ہے۔گستاخانہ خاکوں کی اشاعت پر مسلم حکمرانوں کی خاموشی افسوسناک ہے۔

(جاری ہے)

پاکستانی وزیر اعظم اور دوسرے مسلم حکمران گستاخانہ خاکوں کے خلاف عالمی سطح پر آواز اٹھائیں ۔

اقوام متحدہ تمام انبیاء کی گستاخی کو سنگین جرم قرار دے۔ مقدس شخصیات کی توہین روکنے کیلئے عالمی سطح پر قانون سازی کی جائے۔گستاخانہ خاکوں کی اشاعت مختلف مذاہب کو آپس میں لڑانے کی سازش ہے۔عاشقان رسول ﷺ ناموس رسالت ﷺکے تحفظ کیلئے ہر قربانی دیں گے۔ہر سچے مسلمان کیلئے گستاخی رسول ﷺ ناقابل برداشت ہے۔فرانس کے رسالے نے گستاخانہ خاکے شائع کرکے دنیا بھر کے مسلمانوں کے حقوق پامال کئے ہیں۔

اقوام متحدہ فرانسیسی رسالے کی اشتعال انگیزی کا نوٹس لے۔عالمی امن برقرار رکھنے کیلئے گستاخی رسول ﷺ بند کروانا ہوگی ۔توہین رسالت ﷺ پر خاموشی اختیار کرنا مسلمانوں کا شیوہ نہیں ۔سنی اتحاد کونسل دنیا بھر میں فرانسیسی سفارت خانوں کے سامنے احتجاجی مظاہرے کرے گی اس سلسلہ میں لائحہ عمل تیار کرلیا گیا ہے۔