Live Updates

پی ٹی آئی کے دھرنے کے ساتھ ہی پٹرول بھی ختم ہو گیا ،جلد دوبارہ میدان لگے گا‘عبدالعلیم خان،

عمران خان کی جرات سے خائف سیاسی پارٹیوں کی سازشیں بے نقاب ہو گئیں،مشاورتی اجلاس منعقد

جمعرات 15 جنوری 2015 23:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء ) تحریک انصاف ضلع لاہور کے صدر عبدالعلیم خا ن نے کہا کہ ملک کو جاپان اور پیرس بنانے کا دعویٰ کرنے والے بجلی ،گیس اور پٹرول جیسی بنیادی ضروریات فراہم کرنے میں ناکام ہو چکے ہیں لگتا ہے کہ پی ٹی آئی کے دھرنے کے ساتھ ہی پٹرول بھی ختم ہو گیا ، حکمران خاطر جمع رکھیں پی ٹی آئی کے ورکرزعمران خان کی کال پر جلد دوبارہ میدان میں ہونگے اور دھاندلی زدہ جعلی حکومت کو گھر کی راہ دکھائیں گے ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جرات اور بہادری سے خائف نواز لیگ اور اے این پی کی سازشیں بے نقاب ہو چکی ہیں جنہوں نے پی ٹی آئی کی قیادت کو آرمی پبلک سکول میں طلباء ،طلبات کی طرف سے ملنے والی پذیرائی سے خوف زدہ ہو کر میڈیاکے ذریعے بے بنیا د الزامات لگانے کی ناکام کوشش کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے سانحہ پشاور کے پیش نظر اپنی 4ماہ سے زائد کی احتجاجی تحریک اور دھرنے کو موخر کر دیا ۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ دھاندلی کرنے والے اور انکے اتحادی عمران خان کی حکمت عملی سے پریشان ہیں کیونکہ جس اسمبلی کا سپیکر ہی دھاندلی کی زد میں آجائے اس کی کیا ساکھ باقی رہے گی ؟انہوں نے کہا کہ سردار ایاز صادق کی گفتگو سپیکر کے مرتبے کے شایا ن شان نہیں ان کے عمران خان پر الزامات "الٹا چور کو توال کو ڈانٹے "کے مصداق ہیں جن کی حقیقت کا پردہ کمیشن کی رپورٹ نے چاک کر دیا ہے اور جہاں جہاں بھی الیکشن ریکارڈ کھولا جائے گا اسی طرح کے "دھاندلے"سامنے آئیں گے۔

دریں اثناء پی ٹی آئی لاہور کے صدر عبدالعلیم خان نے پارٹی کی ضلعی قیادت کا اہم اجلاس 16جنوری سہ پہر 4بجے طلب کر لیا ہے جس میں 18جنوری کو اسلام آباد اور 8فروری کو لاہور میں دھرنا کنونشن کے انتظامات پر غور وحوض کیا جائے گا۔پارٹی عہدیداران کے علاوہ تحریک انصاف کے امیدوران قومی و صوبائی اسمبلی شرکت کریں گے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات