کراچی ،صارم برنی کا ملک بھر میں دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار

جمعرات 15 جنوری 2015 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم برنی ویلفےئر ٹرسٹ کے چےئر مین صارم برنی نے ملک بھر میں ہونے والی دہشت گردی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں جاری ٹارگیٹڈ آپریشنز کے دوران بڑھتی ہوئی دہشت گردی اور ہزاروں دہشت گرد پکڑنے کے دعوؤں کے باوجود روزانہ لاشوں کا ملنا اور جرائم میں کمی نہ ہونا ایک سوالیہ نشان ہے ۔

صارم برنی نے کہا کہ ملک بھر میں جو روز انسانی جانوں کے خون سے ہولی کھیلی جارہی ہے آخر یہ عوام کب تک برداشت کرے گی اور لوگ اپنے پیاروں کی لاشوں کو اپنے ہاتھوں سے سپردخاک کرتے رہینگے اگر یہی حال رہا تو پھر سیکیورٹی اداروں کے اختیارات کو بڑھانے کا کیا فائدہ ہے ہم اس ملک اور اس شہر میں امن و آشتی کے خواہ ہیں اور اس ملک و شہر میں رہنے والا ہر شخص چاہے وہ بچہ ، بوڑھا یا جوان اور چاہے کسی بھی مذہب ، مسلک یا تنظیم سے تعلق رکھتا ہو وہ صرف امن چاہتا ہے جوآج ایک خواب بن کر رہ گیا ہے ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مخالف پارٹیوں کے خلاف آپریشن کررہے ہیں یا دہشت گردوں کے خلاف، کیونکہ سینکڑوں دہشت گرد پکڑنے کے باوجود خون کا بازار گرم ہے اگر ایسا ہے تو اس ملک میں کتنے دہشت گرد ہیں جو کہ ان کے قابو سے باہر ہیں اور کب یہ شہر سکون کا سانس لے سکے گا ۔ صارم برنی نے کہا کہ ہمارا میڈیا شہریوں کی پریشانیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے انتظامیہ اور حکام پر جرائم کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری کے لئے زور دیتا رہتا ہے لیکن انتظامیہ اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہے ،سنگین جرائم معمول بن چکے ہیں ، ملک و شہروں کی کونسی ایسی سڑکیں ہے جہاں جرائم پیشہ عناصر سرگرم نہ ہوں اورجہاں وہ شہریوں کو آسان ہدف نہ سمجھتے ہوں ۔

صارم برنی نے کہا کہ دہشت گردی اور اغواء برائے تاوان جیسے جرائم اپنی جگہ لیکن کیا انتظامیہ سماجی جرائم کے خاتمے اور ملزمان کی گرفتاری کی صلاحیت نہیں رکھتی؟ چیئرمین ٹرسٹ نے کہا کہ صارم برنی ٹرسٹ حکومتِ وقت اور انتظامیہ سے پرزور اپیل کرتا ہے کہ وہ اپنی ذمہ داریوں کا احساس کریں اورملک کودہشت گردی کے عذاب سے نجات دلائیں تاکہ عوام سکھ اور چین کا سانس لے سکیں۔

متعلقہ عنوان :