تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام حالیہ گستاخانہ خاکوں کیخلاف ناموس رسالت ریلی کاانعقاد ،

مسلمان امن عالم اور تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی تعظیم کے علمبر دار ہیں، اسلامی دنیا میں گستاخوں کے ساتھ یکجہتی کرنے والے حکمران تو نظر آ رہے ہیں مگر کھلی گستاخی کرنے والوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والا کو ئی حکمران نظر نہیں آ رہا،ڈاکٹر اشرف آصف جلالی

جمعرات 15 جنوری 2015 23:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) تحریک صراط مستقیم پاکستان کے زیر اہتمام فرانس ، آسٹریلیا اور ڈنمارک میں چھپنے والے حالیہ گستاخانہ خاکوں کے خلاف ناموس رسالت ریلی نکالی گئی جو کہ پنجاب اسمبلی سے شروع ہوکر امریکی سفارتخانہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سربراہ تحریک صراط مستقیم پاکستان ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ ملعون فرانسیسی جریدے کی طرف سے پچاس لاکھ گستاخانہ خاکے چھاپنا نہایت جارحانہ اقدام ہے ۔

اس سے تہذیبوں کے تصادم کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔ اگر گستاخی کے مرتکب افراد کو سزا نہ دی گئی تو تیسری جنگ عظیم چھڑ سکتی ہے ۔مسلمان امن عالم اور تمام انبیاء کرام علیہم السلام کی تعظیم کے علمبر دار ہیں مگر مغرب کی طرف سے مسلسل پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفی ﷺ کی گستاخیوں کی شکل میں دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے۔

(جاری ہے)

قبل اس کے کہ دو ارب امت مسلمہ کے جذبات بے قابو ہو جائیں مغرب فی الفور تعظیم انبیاء علیہم السلام کیلئے قانون سازی کرے۔

گستاخانہ خاکوں کی پھر سے اشاعت کا باعث اسلامی دنیا پر مسلط نااہل حکمران اور بزدل رہنما ہیں آج دل خون کے آنسو رو رہا ہے اسلامی دنیا میں گستاخوں کے ساتھ یکجہتی کرنے والے حکمران تو نظر آ رہے ہیں مگر کھلی گستاخی کرنے والوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کرنے والا کو ئی حکمران نظر نہیں آ رہا۔ گستاخانہ خاکے بنانے والوں کی حمایت میں نکالی گئی پیرس ریلی میں ناعاقبت اندیش مسلم حکمرانوں کی شرکت کے باوجود چارلی ہیبڈ و کا0 5 لاکھ خاکے چھاپنا اور امریکا اور برطانیہ کا اس کی حمایت میں بیان داغنا مسلمانوں میں موجود مغرب نواز طبقہ کے منہ پر طمانچہ ہے ۔

آج جمعة المبارک کو یوم ناموس رسالت ﷺ کے طور پر منایا جائے گا۔ ملک بھر میں ریلیاں، مظاہرے ،جلسے، جلوس نکالے جائیں گے۔اس سلسلہ میں خطباء گستاخانہ خاکوں کی مذمت اور ناموس رسالت ﷺ کے موضوع پر جمعہ پڑھائیں گے۔ ہم جامعة الازھر کے اس بیان کی بھر پور مذمت کرتے ہیں کہ مسلمان گستاخانہ خاکوں کی توہین کو نظر انداز کر دیں ۔ہمارا مطالبہ ہے کہ او ، آئی ، سی ، عرب لیگ ،مسلم حکومتیں فوری طور پر یورپی یونین اور اقوام متحدہ پر گستاخوں کو سزا دلوانے کیلئے دباؤ ڈالے ۔

پیرس ملین مارچ کے مقابلے میں گستاخانہ خاکوں کے رد عمل کے طور پر حضرت محمد مصطفی ﷺ کیساتھ اظہار وفا کے لئے اور کروڑوں عاشقان رسول ﷺ کے ساتھ اظہار ہمدردی کے لئے سعودی حکمران” مدینہ منورہ ملین مارچ“ کا اعلان کریں جس میں ستاون مسلم ممالک کے حکمرانوں سمیت پوری دنیا کے مسلم رہنما ننگے پاوٴں مدینہ منورہ مارچ میں شریک ہوں اگرسعودی حکومت اس کا انتظام نہیں کر سکتی تو ہمیں اجازت دے ہم پاکستان کے اہلسنت وجماعت وہاں ”مدینہ منورہ ملین مارچ “کے انعقاد کے انتظامات کریں گے ۔

پاکستان کے حکمرانوں اورتمام سیاسی جماعتوں کے رہنما وٴں سے ہمارا مطالبہ ہے کہ فی الفور گستاخانہ خاکے بنانے اور بنوانے پر امریکہ ،برطانیہ اور فرانس کی مذمت کریں اور مجرموں کی سزا کا مطالبہ کریں نیزجب تک گستاخانہ خاکے بنانے والوں کوفرانس کی حکومت سزا نہیں دیتا اس وقت تک پاکستان فرانس کے ساتھ سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کرے ۔ ملعون اخبار چارلی ہیبڈو نے 2006 ء میں پھر 2011 ء میں پھر 2013 ء میں گستاخانہ خاکے شائع کئے اب چوتھی مرتبہ خاکے چھاپنے کی میٹنگ کی جارہی تھی کہ فرانس ہی میں پیدا ہونے والے اور فرانسیسی سکولوں میں تعلیم حاصل کرنے والے دو مسلم نوجوانوں نے گستاخوں کو واصل جہنم کیا جن کا ہر گز کسی دہشت گرد تنظیم سے تعلق نہیں تھا ۔

فرانسیسی حکومت کی آزادی اظہار کے نام پر چارلی ہیبڈو کو مسلسل گستاخیوں کی دی ہوئی چھٹی نے انہیں اس اقدام پر مجبور کیا ۔ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتا ہے مگر توہین رسول ﷺ برداشت نہیں کر سکتا ،ریلی جب امریکی سفارتخانہ کے سامنے پہنچی تو چارلی ہیبڈو کے گستاخوں کو واصل جہنم کرنے والوں اور اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں محمد سعید کواچی اور محمد شریف کواچی کو ابابیل قرار دیتے ہوئے ان کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور کہا گیا کہ ان کے لئے عنقریب مسلم ممالک کے مستند مفتیان کرام کی طرف سے تمام پہلوؤں پر غور کر کے اجتماعی فتوی صادر کیا جائے گا ۔

ناموس رسالت ریلی کے اختتام پر علماء و مشائخ نے امریکی سفارتخانہ میں احتجاجی یاداشت پیش کی۔ریلی میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی، لوگوں نے ہاتھوں میں کتبے اٹھا رکھے تھے جن پر گستاخانہ خاکوں کے خلاف نعرے درج تھے ۔ریلی میں میاں ولید احمدجواد شرقپوری ، سید ضیاء الاسلام شاہ گیلانی ، صاحبزادہ رضائے مصطفی نقشبندی ،ذوالفقار مصطفےٰ ہاشمی، مولانامفتی محمد عمران ، مولانا محمد ہمدامی شاہ ،مولانا عطاء محمد گولڑوی ، ڈاکٹر اورنگزیب حافی، پیر محمد شفیق کیلانی ، صوبائی راہنما سنی تحریک محمد زاہد حبیب قادری ، سید محمد خرم ریاض شاہ ، محمد شاداب رضا قادری ، سید اصغر علی شاہ، مولانا مجاہد عبد الرسول ، مولانا سلیمان سیالوی ، مولااحمد رضا سیالوی، مولانا سردار احمد رضا ، مفتی تصدق حسین اورمولانا ندیم جیلانی سمیت کثیر تعداد میں علماء و مشائخ اور عوام اہلسنت نے شرکت کی ۔