فرانس میں حضرت محمد کی اہانت پر مبنی خاکوں کی دوبارہ اشاعت عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،حافظ محمد ادریس

جمعرات 15 جنوری 2015 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء)نائب امیرجماعت ِ اسلامی پاکستان حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ فرانس میں حضرت محمد ﷺ کی اہانت پر مبنی خاکوں کی دوبارہ اشاعت عالم اسلام کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،اس سے بڑی دہشت گردی اور کیا ہوسکتی ہے کہ ڈیڑھ ارب انسانوں کے دلوں کو زخمی کیا گیا ہے ،مسلم حکمرانوں کی بے حسی اور بزدلی نے اسلام دشمنوں کو ایسی ناپاک اور غلیظ حرکتوں کا موقع دیا ہے ، رسول اللہ ﷺ کی حرمت کے تحفظ کیلئے مسلمان باہمی اختلافات اور تفرقوں سے نکل کر متحد ہوجائیں ۔

خاکوں کی اشاعت نے فرانس اور مغرب کی جمہوریت پسندی کا بھی پول کھو ل دیا ہے ۔ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ کیلئے ملی یکجہتی کونسل کا دائرہ کار وسیع کریں گے ۔آئی ڈی پیز سخت سردی اور برف باری میں شدید پریشانیوں سے گزر رہے ہیں حکومت آئی ڈی پیز کی ان گھروں میں جلد واپسی کا انتظام کرے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں منعقدہ مرکزی تربیت گاہ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر مولانا سید لطف الرحمن اور دیگر بھی موجود تھے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ فرانس میں پیش آنے والے دہشت گردی کے واقعہ کی سب نے مذمت کی تھی اور خود مسلم دنیا کے رہنماؤں نے فرانس کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا تھا مگر فرانسیسی حکومت نے اشتعال انگیز خاکوں کی دوبارہ اشاعت کو روکنے کیلئے پیشگی انتظامات کئے اور نہ اس افسوسناک واقعہ کے اسباب پر قابو پانے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہا کہ ان شرانگیز اور فساد برپا کرنے کی سازشوں کو روکا نہ گیا تو دنیا کا امن خطرے میں پڑ جائے گا اور اپنا اسلحہ بیچنے کیلئے دنیا کو جنگ کی آگ میں جھونکنے والے اپنے ناپاک عزائم میں کامیاب ہوجائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسلمان اگر ناموس رسالت ﷺ کی حرمت کیلئے متحد نہ ہوئے تو قیامت کے دن اپنے پیارے پیغمبر ﷺ کے سامنے کیا منہ لیکر جائیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ آپس کی شکر رنجیوں اور تفرقہ بازی نے امت کو کمزور کردیا ہے ۔حافظ محمد ادریس نے کہا کہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور قومی یکجہتی اور اتحاد کیلئے ہم ملی یکجہتی کونسل کو مزید فعال کررہے ہیں تاکہ ملک میں بدامنی کو روکنے کے ساتھ ساتھ عالم اسلام کے اتحاد اور اسلام دشمنو ں کی طرف سے اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کے خلاف جاری مہم کو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اپنائی جاسکے ۔

حافظ ادریس نے کہا کہ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں وہ مذہبی ہوغیر مذہبی ہو یا بھتہ خوری ،ٹارگٹ کلنگ اور بوری بند لاشوں کی صورت میں ہو،انہوں نے کہاکہ شمالی وزیر ستان آپریشن متاثرین سخت سردی کے موسم میں خیموں میں مقیم ہیں ،جہاں کھانے پینے کا مناسب انتظام ہے نہ رہنے کا ،دس لاکھ سے زائد آئی ڈی پیز کے بچوں کی تعلیم کا سلسلہ منقطع ہوچکا ہے جو بچوں کے والدین کیلئے انتہائی پریشان کن امر ہے ،انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئی ڈی پیز کی جلد واپسی کا انتظام کریں ۔