ذات مصطفی ﷺ کی تقدیس پر حملہ پوری انسانیت پر حملہ ہے ،صاحبزادہ فیض الرحمان درانی ،

محسن انسانیت ﷺ کی ذات مقدسہ کی توہین کرنے والے امن عالم اور انسانیت کے دشمن ہیں ،آزادی رائے کی چھتری تلے ناپاک جسارت کرنے والے دنیا کو تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں،تمام مذاہب کے پیروکاروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مذموم عمل کے خلاف آواز اٹھائیں، منہاج القرآن علماء کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب

جمعرات 15 جنوری 2015 23:07

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) تحریک منہاج القرآن کے مرکزی امیر صاحبزادہ فیض الرحمان درانی نے کہا ہے کہ عورتوں،بچوں حتی کہ جانوروں تک کے حقوق کو تحفظ دینے والے محسن انسانیت ﷺ کی ذات مقدسہ کی توہین کرنے والے امن عالم اور انسانیت کے دشمن ہیں ۔جمہوریت اور انسانی حقوق کو مذہب کا درجہ دینے والے آزادی رائے کی چھتری تلے ناپاک جسارتوں کا عمل جاری رکھ کر دنیا کو تصادم کی طرف دھکیل رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت جرم ہے ،یہی وہ انتہاپسندانہ رویہ ہے جن کا دہشت گرد فائدہ اٹھاتے ہیں ۔

ایسی ناپاک جسارت کی پر زور مذمت کرتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کے خلاف عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ چلایا جائے۔یو این او اور آئی سی اس اہم ترین ایشو پر فوری اجلاس بلائے ۔

(جاری ہے)

الہامی مذاہب میں آسمانی کتابوں ،پیغمبروں اور مقدس ہستیوں کی توہین کی قطعاً اجازت نہیں اس لئے تمام مذاہب کے پیروکاروں کا فرض بنتا ہے کہ وہ اس مذموم عمل کے خلاف آواز اٹھائیں ۔

وہ مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں منہاج القرآن علماء کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کر رہے تھے اس موقع پر علامہ سید فرحت حسین شاہ،حاجی امداد اللہ قادری،علامہ آصف اکبر میر ،علامہ غلام اصغر صدیقی،علامہ ممتاز صدیقی ،علامہ لطیف مدنی ،علامہ رانا محمد ادریس و دیگر بھی موجود تھے ۔فیض الرحمان درانی نے کہا کہ پوری دنیا کیلئے رحمت بن کر آنے والے آخری رسول ﷺ کی شان میں گستاخی کرنے والے پوری انسانیت کے مجرم ہیں ۔

آزادی اظہار کے نام پر انسانی قدروں کی دھجیاں بکھیرنے والے عالمی امن کے بد ترین دشمن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یو این مقدس ہستیوں اور مذاہب کے احترم کے حوالے سے قرادادوں پر عمل کو یقینی بنائے ۔امت مسلمہ اور دیگر ملکوں کے حکمران مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر مسلمانوں کے جذبات کی ترجمانی کریں ۔انہوں نے اپیل کی کہ امت مسلمہ جلاؤ گھیراؤ کی بجائے پر امن طریقے سے احتجاج کرے ،یقینا اس مذموم عمل سے ہر مسلمان کا دل دکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر کے مسلمانوں کا دل زخمی کرنے والوں کا عمل قابل مذمت ہے ۔ذات مصطفی ﷺ کی تقدیس پر حملہ پوری انسانیت پر حملہ ہے ۔

متعلقہ عنوان :