دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت، سیاسی جماعتیں، عسکری ادارے، عوام متحد ہیں، کرنل (ر) شجاع خانزادہ،

پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کر دیں گے اور اس جنگ میں فتح پاکستان کی ہوگی،دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹوں پر کی جائے گی،وزیراعلیٰ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں پرعزم ہیں، تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں،لاؤڈسپیکر، اشتعال انگیز تقاریر، کرایہ داری اور ناجائز اسلحہ کے قوانین میں ترامیم، ان کو ناقابل ضمانت جرم قراردیاگیا،صوبہ بھر میں سرچ اینڈ سویپ ایکشن شروع، دہشتگردوں سمیت متعدد جرائم پیشہ افراد گرفتار

جمعرات 15 جنوری 2015 22:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہاہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام سیاسی جماعتیں ،عسکری ادارے اور عوام متحد ہیں۔ انشاء اللہ پاکستان کی سرزمین کو دہشت گردوں سے پاک کردیں گے اور اس جنگ میں فتح پاکستان کی ہوگی۔ پنجاب حکومت نے لاؤڈسپیکر، اسلحہ،کرایہ داری، اشتعال انگیز تقاریر کے قانون میں ترامیم کی ہیں اور تمام ناقابل ضمانت جرم قرا ردیا گیاہے۔

اس کے علاوہ سزا اور جرمانہ کی رقم میں بھی اضافہ کیاگیا ہے۔دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی خفیہ ایجنسیوں کی رپورٹوں کی روشنی میں کی جائے گی۔صوبائی سطح پر وزیراعلیٰ پنجاب کی سربراہی میں ایپکس کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جس میں کورکمانڈر، ڈی جی رینجرز، خفیہ ایجنسیوں کے علاوہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ دہشت گردی کی اس جنگ میں حکومت کے شانہ بشانہ کام کریں اوراگر کہیں کوئی مشکوک فرد نظرآئے تو اس کی فوری رپورٹ حکومت کو دیں۔حکومت شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایوان وزیراعلیٰ میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا اور سیکرٹری قانون ابوالحسن نجمی بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر داخلہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کو کام کرنے سے روک دیاگیا ہے۔ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں، ملکی مفاد کے خلاف کام کرنے والی غیرسرکاری تنظیموں،اشتعال انگیز تقاریر اور مدارس کی لسٹیں تیار ہوچکی ہیں اور ان کے خلاف ٹھوس ثبوت پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ فوجی عدالتوں کے قیام پر عام شہری خوش ہیں اور ان کے کام کرنے کا طریق کار طے کیاجا رہا ہے اور انشاء اللہ ملٹری کورٹس جلد کام شروع کر دیں گی۔انہوں نے کہاکہ ضرب عضب اور پھانسیوں کی سزا پر عمل درآمد سے دہشت گرد تنظیموں کو تہس نہس کر دیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حالات میں ریڈالرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت کام کر رہے ہیں۔

آئی جی پنجاب نے بتایاکہ صوبائی حکومت اور تمام قانون نافذ کرنے والے ادارے ایکشن پلان پر عملدرآمد میں سنجیدہ ہیں اور اس پر پوری طرح عملدرآمد ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ صوبہ بھر میں سرچ اینڈ سویپ ایکشن شروع کئے گئے ہیں اور پولیس نے 650افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کئے ہیں۔اسی طرح جنرل ہولڈاپ کے دوران 8000سے زائد مختلف نوعیت کا اسلحہ برآمد کیاگیا ہے اور 25ہزار سے زائد مشکوک گاڑیاں بند کی ہیں۔

لاؤڈسپیکر کے ناجائز استعمال پر 2ہزار سے زائد کیس رجسٹرڈ کئے ہیں جبکہ ایک ہزار افراد کو پابندسلاسل کیا گیاہے۔ قابل اعتراض مواد کی اشاعت اور تقسیم پر 328کیس رجسٹرڈ کئے گئے اور 200افراد کو گرفتار کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران و اہلکاروں کے ساتھ اجلاس کئے گئے ہیں اور ان کو ایکشن پلان کے سلسلے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کئی غیرملکیوں کو گرفتار کیاہے۔

ان میں سے زیادہ تر کا تعلق افغانستان سے ہے اور ان میں دہشت گرد بھی شامل ہیں۔سیکرٹری قانون نے بتایاکہ حکومت پنجاب نے پانچ آرڈیننس جاری کئے ہیں اور کرایہ داری، حساس مقامات کی سکیورٹی، ناجائز اسلحہ ، وال چاکنگ اور لاؤڈسپیکر کے قانون میں ترامیم کی گئی ہیں اور ان کو ناقابل ضمانت جرم قرار دیاگیا۔ اس کے علاوہ ان کی سزاؤں اورجرمانہ کی رقم میں اضافہ کیاگیا ہے۔

متعلقہ عنوان :