آرمی چیف کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں ، دہشتگردی کی روک تھام پر تبادلہ خیال

جمعرات 15 جنوری 2015 13:59

آرمی چیف کی برطانوی حکام سے ملاقاتیں ، دہشتگردی کی روک تھام پر تبادلہ ..

لندن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جنوری2015ء)آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے لندن میں برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون سمیت اہم سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں، برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات میں انسداد دہشتگردی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ جنرل راحیل شریف نے برطانیہ میں موجود کالعدم تنظیموں سے متعلق تحفظات سے بھی آگاہ کیا ۔

تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچنے کے بعد آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی برطانیہ کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ جنرل راحیل شریف نے برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کا دورہ کیا اور ڈیوڈ کیمرون سے ملاقات بھی کی ۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ پہنچنے پر آرمی چیف کو فل گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔

(جاری ہے)

برطانوی وزیر اعظم سے ملاقات میں جنرل راحیل شریف نے بیرونی ممالک سے پاکستان میں دہشتگردی کا معاملہ اٹھایا اور برطانیہ میں موجود حزب التحریر سمیت کالعدم تنظیموں سے متعلق تحفظات سے بھی آگاہ کیا ۔

اس موقع پر دہشتگردوں کی بیرونی فنڈنگ روکنے اور انٹیلی جنس معلومات کے تبادلے پر بھی بات چیت ہوئی ۔ ڈیوڈ کیمرون سے پہلے جنرل راحیل شریف نے برطانوی چیف آف ڈیفنس نک ہوگٹن اور برطانوی قومی سلامتی کے مشیر سر کم ڈرو سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعاون ، مشترکہ فوجی مشقوں ، دفاعی تعلقات کی مضبوطی سمیت اہم امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

آرمی چیف اور برطانوی حکام نے پاک افغان سرحدی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ برطانیہ کی جانب سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے افواج پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا گیا جبکہ آرمی چیف نے ہر قیمت پر ملک دشمنوں کو شکست دینے کا عزم دہرایا ۔ جنرل راحیل شریف کے تین روزہ دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مختلف معاہدوں کا بھی امکان ہے ۔