اسلام آباد ہائیکورٹ،ممبئی حملہ کیس کی سماعت ایک روزکے لیے ملتوی ، آئندہ سماعت اوپن کرنے کے احکامات جاری

بدھ 14 جنوری 2015 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کے خلاف وفاق کی جانب سے نظربندی کے عدالتی حکم پر دائر کی گئی درخواست کی سماعت دوروز ہ ان کیمرہ ہونے کے بعد عدالت نے ایک روزکے لیے ملتوی کرتے ہوئے کیس کی آئندہ سماعت اوپن کرنے کے احکامات جاری کردئیے ہیں ۔ بدھ کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ میں ممبئی حملہ کیس کے مرکز ی ملزم ذکی الرحمن لکھوی کیس کی سماعت ہوئی ۔

جسٹس نورالحق این قریشی پرمشتمل سنگل بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔درخواست گزار کے وکیل راجہ رضوان عباسی اور وفاق کے وکیل ایڈوکیٹ جنرل میاں عبدالروف ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل آف پاکستان آفنان کریم کنڈی عدالت عالیہ میں پیش ہوئے ۔ عدالت میں ممبئی حملہ کیس کے مرکزی ملزم ذکی الرحمن کے خلاف کیس کی سماعت دوروز کے لیے ان کیمرہ ہوئی ۔

(جاری ہے)

اور سماعت کے بعد دونوں فریقین نے میڈیا سے گفتگوکرنے سے گریز کیا ۔

واضح رہے کہ وفاق کے وکیل نے ممبئی حملہ کے ملزم کے خلاف عدالت میں کچھ شواہد ودستاویزات پیش کرنے کے لیے عدالت سے استدعاء کی تھی کی کیس کی سماعت ان کیمرہ کی جائے کیونکہ یہ ایک بین الاقوامی سطح کا معاملہ بن گیا ہے اور سیکورٹی خدشات کے پیش نظر عدالت کیس کی سماعت ان کیمرہ کرے ۔آج بد ھ کے روز بھی کیس کی سماعت ان کیمرہ ہوئی اور فریقین نے میڈیاسے گفتگوکرنے سے بھی گریز کیا اور میڈیا کو کیس کی سماعت کے رپورٹنگ کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔