پراسپیکٹس میں غلط بیانی کرنے والی کمپنیوں کے خلاف ایکشن لیا جائے گا ،ایس ای سی پی

بدھ 14 جنوری 2015 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14جنوری2015ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان نے کمپنیوں کی جانب سے سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے وقت جاری کئے جانے والے پراسپکٹس میں دی گئی معلومات کا جائزہ لے گا۔ نامکمل اور غلط معلومات فراہم کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کمپنیز آرڈنینس کے تحت کارروائی کی جائے گی۔ ایس ای سی پی نے سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کروانے والی کمپنیوں کی آپریشنل اور مالیاتی کارکردگی کاکمپنی کے پراسپیکٹس کی روشنی میں جائزہ لینے کے لئے ایک فریم ورک تیار کیا ہے ۔

اس جائزے کا مقصد کمپنیوں کی جانب سے لسٹنگ کے وقت پراسپیکٹس میں دی جانے والی معلومات کی درستگی کو یقینی بنانا اور کمپنی کے ڈائریکٹرز کو قابل احتساب بنانا ہے ۔ اس طرح کمپنیوں کی جانب سے پراسپیکٹس میں کی جانے والی غلطیوں پر قابو بھی پایا جا سکے گا اور سرمایہ کاروں کو مزیدتحفظ حاصل ہو گا۔

(جاری ہے)

سٹاک مارکیٹ میں لسٹنگ کے وقت کمپنی کے ڈائریکٹرز کی طرف سے جاری کیا جانے والا پراسپیکٹس نہ صرف کمپنی کے بارے میں معلومات فراہم کرتا ہے بلکہ مارکیٹ سے سرمائے کے حصول میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

یاد رہے کہ کمپنیز آرڈیننس 1984یہ واضح کیا گیا کہ پراسپیکٹس کے اجراء کے وقت متعلقہ اور مکمل معلوما ت فراہم نہ کرنے یا غلط معلومات فراہم کرنے پر کمپنی کے ڈائریکٹرز کے خلاف قانونی کااروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔ مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی کمپنیاں لسٹنگ کے بعد مارکیٹ سے کامیابی کے ساتھ سرمائے کے حصول کے بعد ناتجربہ کاری اور دیگر وجوہات کی بنا پر نقصان کرنا شروع کر دیتی ہیں اور سرمایہ کاروں کو ان کے منافع سے محروم رکھتی ہیں۔

کمپنی کو کامیابی سے چلانے اور اسے مزید ترقی دینے کا انحصار اس بات پر ہے کہ کمپنی کے ڈائریکٹرز کی کارکردگی قابل احتساب ہو ۔ اس مقصد کے پیش نظر ایس ای سی پی کمپنیوں کی جانب سے فراہم کئے جانے والے حسابات، ریٹرن کے ساتھ ساتھ اب کمپنی کے پراسپیکٹس میں فراہم کی جانے والی معلومات کے تناظر میں کمپنی کے ڈایکٹرز کی ذمہ داریوں اور کارکردگی کا بھی جائزہ لے گا ۔ ایس ای سی پی کمپنیو ں میں شفافیت ‘احتساب، شیئرہولڈرز کے اعتماد کو مضبوط بنانے اور سرمایہ کاری کے لئے پرکشش مارکیٹ کے فروغ پر یقین رکھتا ہے

متعلقہ عنوان :